کسی حکومت کو وقت پورا کرتے نہیں دیکھا،شیخ رشید


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ انہوں نے کسی حکومت کو وقت پورا کرتے نہیں دیکھا، عمران خان اقتدار میں ہو نہ ہو ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں ۔

اسلام آباد  میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ جے یوآئی کے پاس آج کے جلسے اوردھرنیکی اجازت نہیں ہے، ان کا این او سی ختم ہوچکا  ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ایک آزاد خارجہ پالیسی کی بنیاد رکھ رہا ہے، ہم عمران خان کیساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں، عمران خان اقتدار میں ہو نہ ہو ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

وزیر داخلہ  کاکہنا تھا کہ اگر آج قرارداد پیش ہوئی تو پیر کو ووٹنگ ہوگی۔انہوں نے مزیدکہاکہ کسی حکومت کو وقت پورا کرتے نہیں دیکھا، میرے خیال میں 29 کی شام سے 31 کی شام آریا پار ہو جائے گا، میرا سیاسی وجدان کہتا ہے ایک گھنٹہ پہلے تک صورتحال بدل سکتی ہے کیونکہ 172بندے اپوزیشن  نے لانے ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ سیاستیں انٹرنیشنل ہوتی ہیں لیکن مجھے اس خط کا علم نہیں جس کا ذکر کیا گیا۔ان کاکہنا تھاکہ اسٹیبلشمنٹ صرف پاکستان کے ساتھ ہے، میں عمران خان کو پہلے دن سے کہہ رہا ہوں کہ حج کے بعد انتخابات کرادیں اور پنجاب اسمبلی توڑی  جائے، میں ملک میں ایمرجنسی اور سندھ میں گورنر راج چاہتا تھا کیونکہ لوگ بک رہے ہیں۔

قبل ازیں نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان وزیراعظم کی کرسی کسی کو نہیں دیں گے، میں تو پہلے دن سے ان کے ساتھ ہوں، میں عمران خان کے ساتھ ہی رہوں گا۔

شیخ رشید نے کہا کہ میں نے پہلے بھی کہا تھا عمران خان ہی جیتیں گے میں ان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہوں۔انہوں نے کہا کہ نسلی اور اصلی ہوں کسی چیز کی ضروررت نہیں میری یہ 15ویں وزارت ہے، میں حلقے کی بنیاد پر حلقے میں ہوتا ہوں، صوبے کی سیاست نہیں کرتا مرکز کی سیاست کرتا ہوں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے وزیراعظم عمران خان کو وزارت عظمی سے ہٹانے کیلئے تحریک عدم اعتماد پیش کردی۔31 مارچ کو قومی اسمبلی کا اجلاس دوبارہ شام 4 بجے طلب کیا گیا ہے