ستائیس مارچ کے جلسے کا جمِ غفیر ایوانوں کو ہلا دے گا،فواد چوہدری


اسلا م آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ملک بھر سے شہری اسلام آباد پہنچ رہے ہیں، کل  جلسے میں اتنے لوگ ہوں گے کہ جمِ غفیر ایوانوں کو ہلادے گا اور عوام پاکستان کی آزادی کے لیے کھڑے ہونے والے وزیر اعظم سے اظہار یکجہتی کرے گی

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ لاکھوں لوگوں کا سمندر اسلام آباد کی طرف گامزن ہے، اس وقت گلگت بلتستان سے 20 کلو میٹر پر مشتمل طویل ریلی اسلام آباد پہنچ رہی ہے، پورا خیبرپختونخوا، پورا پنجاب اور پورا کراچی پاکستان اور تحریک انصاف کے رنگوں میں رنگا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اتوار کو 10 لاکھ سے زائد افراد کا جمِ غفیر اسلام آباد کے ایوانوں کو ہلا دیگا اور یہ جو چوہوں نے چوری کے پیسے سے لوگوں کو خریدنے کی کوشش کی ہے عوام اتوار  کے جلسے میں اسے مسترد کردے گی اور پاکستان کی آزادی کے لیے کھڑے ہونے والے وزیر اعظم سے اظہار یکجہتی کرے گی۔ان کا کہنا تھا کہ زوالفقار علی بھٹو کے بعد اگر آج پاکستان کی خارجہ پالیسی آزاد ہے تو وہ عمران خان کی وجہ سے آزاد ہے، معیشت کا پہیہ چلنے شروع ہوا ہے تو اس کے خلاف سازش کی جارہی ہے اتوار کو پاکستان کے عوام اس سازش کو ناکام بنائیں گے، ہم نے جلسے کے تمام تر انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہری اپنے آپ کو ڈسپلن میں رکھتے ہوئے سپریم کورٹ ہائی کورٹ کی ہدایات پر عمل درآمد کریں کسی جگہ سے کوئی سڑک یا راستہ بند نہیں ہونا چاہیے اور ایک پر امن احتجاج کے ساتھ ہم اپنے وزیراعظم خراج تحسین پیش کریں گے۔

اپوزیشن کے قافلے اسلام آباد پہنچنے سے متعلق سوال کے جواب میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم سب کو خوش آمدید کہتے ہیں، تمام جماعتوں کا جلسہ کرنے کا حق ہے، میں چیلنج کرتے ہوئے پیپلز پارٹی سمیت تمام چوروں کو ویلکم کرتا ہوں کہ اکھٹا جلسہ کریں تاکہ عوام مقابلہ کر سکیں کہ کس کا جلسہ کیسا ہوا ہے۔منحرف اراکین کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ 2 اراکین نے جواب دے دیا ہے باقی کی بھی امید ہیں کہ جلد جواب دے دیں گے۔

اتحادی جماعتوں کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ جمعہ کو ایم کیو ایم سے ملاقات ہوگئی ہے، مسلم لیگ (ق) سے ملاقات ہوگئی، اتوار کو ایک بار پھر ایم کیو ایم سے ملاقات کی جائے گی۔اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ آج کے اجلاس میں وزیر اعظم نے اپنے دل کی باتیں کی اور اجلاس کے شرکا نے ان کی بات کی تائید کی۔ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم اپنا ٹرمپ کارڈ جلد سامنے لائیں گے اور ان لوگوں کی نیندیں اڑ جائیں گی جنہوں نے ہارس ٹریڈنگ کا بازار گرم کر رکھا ہے۔

جلسے سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انسانی ملکی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کرنے جارہی ہے اور اس جلسے کا مقابلہ پی ٹی آئی کے جلسے سے ہی ہوگا، کراچی میں منعقد کیا گیا جلسہ ریکارڈ بریکنگ جلسہ تھا اور کل اس کا ریکارڈ توڑ جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ وہ لوگ جو ناظم جوکھیو کے قتل میں ملوث ہیں اور بھاگے ہوئے ہیں میں نے سنا ہے کہ وہ واپس آنے کے لیے پر طول رہے ہیں انہیں خوش آمدید کرنے کے لیے میں نے ایف آئی اے کو خط لکھا ہے کہ گھنونے قتل میں ملوث افراد کو گرفتار کریں۔ان کا کہنا تھا کہ جب عدالتیں بلاتی ہیں تو یہ ملک سے باہر ہوتے ہیں اور جب ضمیر فروشی کا معاملہ آتا ہے تو یہ ملک میں داخل ہونے کی کوشش کرتے ہیں، ان تمام لوگوں سے آئینی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا کسی سے رعایت نہیں کریں گے قانون کی بالادستی قائم رکھنے کے لیے ہر راستہ اختیار کریں گے۔

وفاقی وزیر برائے بحری امور علی حیدر زیدی نے ناظم جوکھیو قتل سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہ میڈیا رپورٹ کے مطابق رکن قومی اسمبلی جام کریم پاکستان پہنچ گئے ہیں۔انہوں کہا کہ میں براہِ راست آئی جی سندھ سے مخاطب ہوکر کہتا ہوں کہ پاکستان کی تاریخ میں ایسا کوئی آئی جی نہیں ہے جو اتنی جلدی سوجاتا ہو، میں آپ سے یہ پوچھنا چاہتا ہوں کہ آپ سندھ کے آئی جی ہیں یا بلاول ہاس کے غلام ہیں۔بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ میں 50 ہزار سے زائد اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں ہوگئی اس پر آپ نے کچھ نہیں کیا اور ہمارے کارکنان نے پرامن احتجاج کیا تو آپ کی پولیس نے اغوا اور گھر میں داخل ہونے کی ایف آئی آر کاٹ دی

آئی سندھ کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کبھی آپ ریٹائر بھی ہوں گے یا ساری زندگی سندھ کے آئی جی رہیں گے، آ پ عوام، کو اپنے خاندان اور دیگر کو کیا جواب دیں گے کہ میں بلاول ہاس کے کتے بھی بچاتا تھا لیکن میں سندھ کی عوام کو نہیں بچا سکا۔ان کا کہنا تھا کہ قتل میں ملوث ایم این اے واپس آگیا لیکن آپ کو علم ہی نہیں ہے، میں آپ سے مطالبہ کرتا ہوں کہ ہمارے کارکنان کے خلاف کاٹی کئی ایف آئی آرز واپس لی جائیں۔

علی زیدی نے کہا کہ ہم کسی کو احتجاج کرنے سے روک نہیں رہے ہیں لیکن ہمیں مجبور نہ کریں کہ ہم کوئی ایسا فیصلہ کریں کہ ہمیں سندھ میں کسی کے گھر سامنے بیٹھنا پڑے۔جلسے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ سندھ سے بڑے بڑے قافلے پنجاب میں داخل ہورہے ہیں، یہ نہ صرف پاکستان بلکہ برصغیر کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا