لاہور (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عوام نالائق ٹولے کی گرتی دیوار کو آخری دھکا دینے کا ثواب کمائیں۔
اپنے ایک بیان میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان جھوٹے اور بے ایمان ثابت ہوچکے ہیں، عمران نیازی عوام آج ایک جھوٹے، منافق، نالائق، نااہل، چور کا استعفیٰ لینے آرہی ہے ، آج عوام اپنے حق اور روزگار، اپنی روٹی اور دوائی کے لیے نکلے ہیں، مہنگائی، بے روزگاری نفرت جھوٹ مکائو کا دن آ گیا ۔
انہوںنے کہا کہ آٹا، چینی، بجلی، گیس، دوائی، روزگار چوروں اور کشمیر فروشوں سے نجات کا دن آ گیا ، عوام کے حق کے ساتھ کھڑے ہونے کا دن آ گیا ۔انہوں نے کہا کہ عوام ظالم، کرپٹ اور نالائق ٹولے کی گرتی دیوار کو آخری دھکا دینے کا ثواب کمائیں، کھربوں روپے کی غیرقانونی فنڈنگ کھانے والا کا یوم حساب آگیا ۔
انہوں نے کہا کہ جس نے غریبوں کی روٹی، روزگار، کاروبار، سکون چھین لیا، اس سے اقتدار چھین لیں، یہ ظالم کرپٹ مافیا اقتدار سے چمٹا رہا تو آپ کی آنے والی نسلیں مہنگائی، قرض کی چکی پیستی رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھروں کا دھوکہ دینے والوں کے خلاف اعلان بغاوت کریں، اسلامی جمہوریہ پاکستان کا حکمران کوئی جھوٹا، اور منافق نہیں ہوسکتا، عمران نیازی جھوٹے اور بے ایمان ثابت ہوچکے ہیں