اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
صدر مملکت کی برطانوی تجارتی وفد سے ملاقات ہوئی جس دوران ان سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے کاروبار دوست ماحول سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔صدر نے نشاندہی کی کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان بہترین اقتصادی اور تجارتی تعلقات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ برطانوی تاجر پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کریں اور حکومت خصوصی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت خصوصی اقتصادی اور ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کا قیام عمل میں لائی ہے جبکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے مراعات فراہم کررہی ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں کو پرکشش مراعات کی فراہمی کے ذریعے خصوصی زونز میں سرمایہ کاری کی ترغیب دے رہی ہے۔