اسلام آباد(صباح نیوز) فارن فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی کی درخواستیں مسترد کرنے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔ تحریک انصاف کے منحرف رہنما اکبر ایس بابر کو ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس کی کارروائی سے الگ کرنے کی درخواست الیکشن کمیشن سے مسترد کرنے کا فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا ۔
تحریک انصاف نے 25 جنوری اور 31 جنوری کو دائر کی گئی درخواستوں کو مسترد کرنے کے فیصلہ چیلنج کیا ہے، جب کہ اکبر ایس بابر کو اسکروٹنی کمیٹی رپورٹ پر پی ٹی آئی کا جواب فراہم نہ کرنے کی درخواست مسترد کرنے کا فیصلہ بھی چیلنج کیا گیا ہے، جس میں استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے مسترد کی گئی دونوں درخواستوں کو منظور کیا جائے۔
درخواست میں موقف پیش کرتے ہوئے استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن نے دونوں درخواستیں مسترد کیں، 15 مارچ 2022 کا آرڈر کاالعدم قرار دیا جائے، الیکشن کمیشن آف پاکستان کورٹ آف لا نہیں، ایڈمنسٹریٹو اتھارٹی ہے، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے درخواستیں مسترد کرنے کا فیصلہ سنایا تھا، فنڈز کی تفصیلات صرف الیکشن کمیشن کو بتانے کے پابند ہیں ، اکبر ایس بابر کو کیس سے الگ کیا جائے۔ پی ٹی آئی نے درخواست کی ہے کہ سکروٹنی کمیٹی رپورٹ پر پی ٹی آئی کا جواب اکبر ایس بابر کو ابھی نہ دیا جائے۔