عالمی برادری بھارت کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں کیلئے جوابدہ ٹھہرائے: حریت کانفرنس


سرینگر:کل جماعتی حریت کانفرنس نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں ماورائے عدالت قتل اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں کے لیے جوابدہ ٹھہرائے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنمانعیم احمد خان نے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے ایک پیغام میں کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو قتل و غارت، غیر قانونی نظربندیوں اور خواتین کی عصمت دری کے ذریعے کبھی بھی کچلا نہیں جا سکتا

انہوں نے جاری ایک پیغام میں مختلف جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کی حالت زار پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ قیدیوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزیاں رکوانے کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی تسلط سے آزادی کی کشمیریوںکی جدوجہد کوفوجی طاقت کے وحشیانہ استعمال ، غیر قانونی نظربندیوں اور دیگر ظالمانہ ہتھکنڈوں کے ذریعے کمزور نہیں کیاجاسکتا۔

نعیم خان نے مزید کہا کہ کشمیری بھارتی تسلط سے آزادی کی اپنی جدوجہد کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت اور پاکستان کے درمیان تنازعہ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل کو صرف بامعنی مذاکرات کے ذریعے ہی حل کیا جاسکتا ہے