پی ٹی آئی کے ناراض اراکین کا عثمان بزدار کے استعفی کا الٹی میٹم 


لاہور(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے ناراض اراکین نے منانے والے حکومتی اراکین کو وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کے استعفی کا الٹی میٹم دیدیا۔

ذرائع کے مطابق ناراض اراکین کا کہنا ہے کہ اگر پیر تک بزدار نے استعفی نہ دیا تو مزید بات چیت نہیں ہوگی۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کے قائد میاں نوازشریف کی منظوری کے بعد وزیر اعلی پنجاب کیخلاف تحریک عدم اعتماد تیار کر کے اس پر ممبران کے دستخط کروا لئے گئے ہیں۔پنجاب اسمبلی کا اجلاس بلانے کیلئے ریکوزیشن بھی تیار کر لی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قوی امکان ہے کہ اگلے ایک دو روز میں وزیر اعلی پنجاب کیخلاف تحریک عدم اعتماد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی جائے گی۔

تحریک عدم اعتماد کو سپورٹ کرنے والے ممکنہ حکومتی پارٹی کے ارکان کو اگلے الیکشن کے لئے پارٹی ٹکٹ جبکہ ان سے الیکشن2018 ہارے ہوئے ن لیگ کے رہنماؤں کو پہلے سے بہترین پوزیشن دینے کی یقین دہانی کروائی ہے ،ان میں مسلم لیگ ن کے ایک صف اول کے رہنما بھی شامل ہیں۔