پی ٹی آئی آخری وقت تک مقابلہ کرے گی، وفاقی وزرا


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر اور دیگر وفاقی وزرا نے کہا ہے کہ عمران خان کو قوم نے وزیراعظم بنایا ہے اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) آخری وقت تک مقابلہ کرے گی۔اسلام آباد میں وفاقی وزیر حماد اظہر اور فواد چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ پچھلے چند دنوں سے واقعات ہورہے تھے دیکھ رہے تھے لیکن آج پھر دیکھا کہ کس طرح عمران خان سچے ثابت ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کل بتایا تھا کہ کس طرح سندھ ہاؤس میں پہلے نوٹ پہنچے ہیں اور ان نوٹوں کی جھنکار میں لوٹے پہنچے ہیں تو وہ آج نظر آگیا۔اسد عمرنے کہا کہ اگر کسی کے ذہن میں کوئی ابہام نہیں ہونا چاہیے کہ عمران خان کا نظریہ اور سیاست کیا ہے، عمران خان اپنی ذات کے لیے سیاست نہیں کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی قوم کے لیے سیاست کر رہے ہیں اور اس میں ان کا ذاتی کوئی مفاد شامل نہیں ہے، اسی لیے وہ کبھی کسی کو نہ بلیک میل کرتے ہیں اور نہ وہ کبھی بلیک میل ہونے کو تیار ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے نہ کبھی پیسے کی سیاست کی ہے اور وہ بھی حرام کے پیسوں سے اور لوگوں کو خریدنے کے لیے بولیاں لگائی جائیں، پاکستان کی زیادہ تر آبادی پیدا بھی نہیں ہوئی تھی جب چھانگا مانگا ہوا تھا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ سیاست عمران خان نے نہ کبھی کی ہے اور نہ آئندہ کریں گے، عمران خان کو جو بھی کرنا ہے وہ چونکہ ایک عوامی لیڈر ہیں، قوم کے پیداوار ہیں اور ان کو قوم نے وزیراعظم بنایا ہے، کسی اصول اور نظریے پر ووٹ ڈال کر ان کو لے آئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کل بھی اسی اصول اور نظریے پر کھڑے تھے اور آج بھی اسی نظریے پر کھڑے ہیں اور کل بھی اسی اصول اور نظریے پر کھڑے رہیں گے، چاہے کچھ بھی ہوتا رہے اور جتنی بھی ویڈیوز چلتی رہیں، عمران خان اپنے نظریے سے نہیں ہٹے گا۔انہوں نے کہا کہ کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے کہ تحریک انصاف پوری طرح مقابلہ جاری رکھے گی اور آخری وقت تک جاری رکھے گی مگر فرق یہ ہے کہ ہم جو بھی کریں گے وہ قانون کے دائرے کے اندر رہتے ہوئے کریں گے۔، آئین اور قانون کے دائرے کے اندر ہمیں جو بھی حق حاصل ہے، وہ ہم استعمال کریں گے۔

اسد عمر نے کہا کہ وقت کے گزرنے کے ساتھ پتہ چلے گا کہ ہم کیا اقدامات کر رہے ہیں، کوئی غیر قانونی کام نہیں کریں گے جو یہاں ہو رہا ہے، سندھ سے پولیس کو لایا جارہا ہے، ایسا لگ رہا ہے کہ بیرونی ملک سے کوئی حملہ ہونے جارہا ہے اور وہاں سے ہتھیار بند سپاہیوں کو لایا جارہا ہے، یہاں نوٹوں کے پورے بکسے لائے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ساری قوم دیکھ رہی ہے کہ یہ لوگ جمہوریت کا صرف نام استعمال کرتے ہیں، جمہوریت کے نام پر کاروبار کرنا چاہتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ عمومی طور پر پوری قوم اور خاص طور پر پی ٹی آئی کے کارکنوں اور حامیوں کو یہ پیغام ہے کہ فکر نہ کریں، جس عمران خان سے آپ نے تعاون کیا، جس عمران خان کو 6 لوگوں کی پارٹی سے اٹھا کر قوم کا سب سے بڑا لیڈر اور وزیراعظم بنایا وہ عمران خان کبھی بھی مایوس نہیں کرے گا۔اسد عمر نے کہا کہ عمران خان اسی طریقے اور اسی دلیری اور اسی ایمان داری سے اپنے نظریے اور اصول پر کھڑا رہے گا، جیسے وہ ہمیشہ رہا ہے اور جس کی وجہ سے وہ لیڈر بنا ہے۔

وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ قوم نے دیکھا کہ یہ وہ نظام ہے، جس کے خلاف عمران خان کھڑا ہے، یہ کون سا نظام ہے، یہ ہارس ٹریڈنگ، رشوت لینے اور دینے، 20،20 کروڑ اور 40،40 کروڑ روپے کی بولی لگانے نظام ہے اور یہ کرپشن کا نظام ہے۔انہوں نے کہا کہ اس نظام کے خلاف عمران خان کھڑا اور کھڑا رہے گا، واضح کردینا چاہتے ہیں کہ اپنے اقتدار کے لیے سودے بازی نہیں کریں گے، ہم چاہیں تو حکومت کے پاس اربوں روپے ہیں اور اربوں روپے دے کر 12 کیا ان کے آدھے سے زیادہ اراکین اسمبلی خرید سکتے ہیں کیونکہ یہ سب اسی کام کے شوقین ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے اقتدار کے لیے وزارتیں نہیں بانٹیں گے، سودے بازی نہیں کریں گے، اپنے ووٹر اور پاکستان کے لیے سیاست کریں گے، اتحادیوں کے ساتھ رابطے میں رہیں گے لیکن کسی قسم کی سودے بازی نہیں ہوگی، صرف ملک کی خاطر ہم ان کے ساتھ رابطے میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ یہ جتنے لوگ اور اتحادی وہ ملک اور قوم کے لیے بہتر فیصلہ کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ وہاں گئے اور سندھ ہاؤس میں ایک سلسلہ شروع ہوا یہ ضمیر کی آواز نہیں ہے، یہ روکھڑے کی آواز ہے، اس کے خلاف ہم نے آواز بلند کی ہے اور ہمیشہ کرتے رہیں گے۔

حماد اظہر کا کہنا تھا کہ ٹی وی پر جو چند لوگوں کے چہرے نظر آئے ہیں، ان کے حلقوں میں جا کر ووٹر سے پوچھیں تو سہی کہ جس کو عمران خان کے لیے ووٹ دے کر بھیجا تھا اور آج وہ عمران خان کے خلاف ووٹ دیتا ہے تو کیا آپ کا مینڈیٹ ان کے ساتھ ہے۔انہوں نے کہا کہ 27 مارچ کو ہمارا جلسہ ہونے جارہا ہے، ہم اس کی اور عدم اعتماد کے لیے بھی پوری تیاری کر رہے ہیں، ایک طرف عوام کا بھی فیصلہ آئے گا اور ان کی عدم اعتماد کی تحریک کو بھی ہم ناکام بنائیں گے، پی ٹی آئی کے منحرف اراکین اسمبلی سے سودے بازی نہیں کریں گے جو لوگ اسلام آباد میں سندھ ہاؤس میں پہنچے ہیں وہ لوگوں کی ضمیر کی آواز نہیں ہے بلکہ وہ پیسہ چاہتے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ ہرقسم کی بلیک میلنگ اور سودے بازی کو مسترد کرتے ہیں، آج کا چھانگا مانگا سندھ ہاؤس ہے، ارکان اسمبلی کو خچروں اورگھوڑوں کی طرح خریدا جا رہا ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ ایک خاتون ایم این اے کو7کروڑ روپے دیے گئے ہیں، آرٹیکل 63 اے ون کے تحت کارروائی شروع کر دی ہے، اپوزیشن کی جانب سے ہرقسم کی بلیک میلنگ، سودے بازی کو مستردکرتے ہیں۔وزیراطلاعات نے کہا کہ  پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف کی ساری سیاست پیسے کے کھیل پر ہے۔