کراچی (صباح نیوز)کپتان بابر اعظم سمیت پاکستانی بلے بازوں نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں شاندار کارکردگی سے تاریخ رقم کرنے کے ساتھ ساتھ نت نئے ریکارڈز بھی قائم کردیے۔کراچی میں کھیلے جارہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پہلی اننگز 556رنز چھ کھلاڑی آوٹ پر ڈکلیئر کردی۔
جواب میں پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 148 رنز پر ڈھیر ہو گئی لیکن مہمان ٹیم نے بھاری برتری حاصل کرنے کے باوجود پاکستان کو فالوآن نہ کرایا اور خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔آسٹریلیا نے دوسری اننگز 97رنز دو کھلاڑی آوٹ پر ڈکلیئر کردی اور پاکستان کو فتح کے لیے ریکارڈ 506رنز کا ہدف دیا۔ایک بڑے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی ٹیم 21 رنز پر امام الحق اور تجربہ علی کی وکٹیں گنوا بیٹھی تھی جس کے بعد ایک بڑی شکست صاف نظر آنے لگی تھی لیکن بابراعظم اور نوجوان عبداللہ شفیق نے عمدہ کھیل سے میچ کا نقشہ بدل دیا۔دونوں نے 228 رنز کی شراکت قائم کر کے میچ ڈرا کرنے کی پاکستان کی امیدیں روشن کردیں اور پھر قومی ٹیم کے کپتان نے رضوان کے ہمراہ بھی شاندار شراکت قائم کر کے آسٹریلیا کی میچ جیتنے کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔
اس اننگز کے دوران جہاں پاکستان نے ایک واضح شکست کو ٹال دیا وہیں شاندار کھیل سے بابر اعظم اور قومی ٹیم نے نت نئے ریکارڈز بھی قائم کردیے۔بابراعظم 196 رنز بنا کر آوٹ ہوئے جو ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں چوتھی اننگز میں دنیا کے کسی بھی کپتان سب سے بڑی اننگز ہے۔اس سے قبل ٹیسٹ کرکٹ میں کسی بھی کپتان کی جانب سے چوتھی اننگز میں سب سے بڑی باری انگلینڈ کے سابق قائد مائیکل ایتھرٹن نے کھیلی تھی جنہوں نے 1995 میں جنوبی افریقہ کے خلاف 185رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی۔اس کے علاوہ یہ کسی بھی پاکستانی بلے باز کی بھی چوتھی اننگز میں سب سے بڑی اننگز ہے،
اس سے قبل یہ اعزاز یونس خان کے پاس تھا جنہوں نے 2015 میں پالے کیلی میں ناقابل شکست 171رنز کی اننگز کھیلی تھی۔اس کے علاوہ قومی ٹیم کے کپتان چوتھی اننگز میں پاکستان کی جانب سے ایک اننگز میں سب سے زیادہ گیندیں کھیلنے والے بلے باز بھی بن گئے۔بابراعظم اپنی اننگز میں 420 سے زائد گیندیں کھیل چکے ہیں اور کسی بھی میچ کی چوتھی اننگز میں سب سے زیادہ گیندیں کھیلنے والے پاکستانی بلے باز ہیں۔کسی بھی میچ کی چوتھی اننگز میں سب سے زیادہ گیندیں کھیلنے کا ریکارڈ انگلینڈ کے مائیکل ایتھرٹن کے پاس ہے جنہوں نے ایک اننگز میں 492 کھیلی تھیں