لاہور(صباح نیوز)مسلم لیگ(ن) اور ترین گروپ میں وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کو وزارت اعلی کے عہدے سے ہٹانے پر اتفاق ہوگیا۔حمزہ شہباز ماڈل ٹاون لاہور میں جہانگیرترین کی رہائش گاہ پہنچے، ان کے ہمراہ ن لیگ کے سلمان رفیق، عطا تاڑر، اویس لغاری اور عمران گورایہ بھی موجود تھے۔
جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پہنچنے پر ترین گروپ کے رہنما عون چوہدری اور دیگر ارکان نے حمزہ شہباز کا استقبال کیا۔ذرائع کے مطابق ترین گروپ کے اراکین نے مسلم لیگ ن کے وفد سے سیاسی مستقبل پرگفتگو کی۔ترین گروپ کے اراکین کا کہنا تھا کہ وہ ذہنی طور پر حکومت سے علیحدگی کے لیے تیار ہیں، ہمیں آئندہ انتخابات میں ٹکٹوں کی یقین دہانی کرائی جائے، ملاقات کی تفصیل سے جہانگیر ترین کو آگاہ کریں گے، جہانگیر ترین جوفیصلہ کریں گے منظور ہوگا، مائنس بزدار میں ہم آپ کے ساتھ ہیں، تعاون طویل ہوناچاہیے۔
اس موقع پر حمزہ شہباز نے کہا کہ آپ کے جذبات قیادت کے سامنے رکھیں گے، پنجاب سے متعلق سب سے مل کر اور بہتر فیصلے کریں گے۔ملاقات کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا جس کے مطابق ملاقات میں سیاسی صورت حال پر باہمی مشاورت کی گئی، ترین گروپ کے اراکین نے پنجاب کے معاملات پر مایوسی کا اظہار کیا اور عثمان بزدار کو وزارت اعلی کے عہدے سے ہٹانے پر اتفاق کیا۔اعلامیے کے مطابق ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
خیال رہے کہ لاہور میں جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پرترین گروپ کا مشاورتی اجلاس بلایاگیا تھا جس میں اکثریتی ارکان نے اپوزیشن اتحاد سے الحاق کا مطالبہ کیا ، ارکان نے شکوہ کیا کہ پی ٹی آئی حکومت نے جہانگیر ترین کے ساتھ زیادتی کی۔ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین نے گروپ کے ا رکان سے سے ٹیلیفونک رابطہ اور خطاب کیا،گروپ ارکان کی جانب سے جہانگیر ترین کو مختلف جماعتوں سے رابطوں میں پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال سمیت مستقبل کے لائحہ عمل پربھی گفتگو کی گئی ۔