اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نوجوانوں کی صلاحیتوں سے بھر پور استفادہ کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، انہوں نے ملکی ترقی یقینی بنانے کے لئے خواتین کو قومی دھارے میں شامل کرنے پر بھی زور دیا ہے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے پیر کو مسلم یوتھ یونیورسٹی کے پہلے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ خواتین کو معاشی ترقی میں مساوی شراکت دار کے طورپر مواقع نہیں ملتے جس کے باعث ملک میں حقیقی خوشحالی نہیں آئی۔ انہوں نے خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے ان کی شمولیت یقینی بنانے اور عوامی مقامات پر ان کے لئے مواقع پیداکرنے پر زور دیا۔
انہوں نے کہاکہ خواتین کو آن لائن ای بزنس اور پارٹ ٹائم ملازمتوں میں مواقع فراہم کئے جائیں تاکہ وہ اپنے پیشے سے وابستہ رہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لئے کامیا ب جوان پروگرام اور بینکوں کی جانب سے جاری دیگر قرض سکیموں کے باعث وسیع مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ گریجو یٹس ان مواقع سے فائدہ اٹھائیں اور اپنے پیشہ وارانہ شعبوں میں کامیابیاں حاصل کریں۔
انہوں نے گریجو یٹس پرزور دیا کہ وہ اپنی زندگیوں میں کامیابی کے لئے ایمانداری ، دیانتداری کامظاہرہ کریں۔ انسانیت کے بغیر تعلیم کی کوئی اہمیت نہیں۔ انہوں نے کہاکہ دنیا مہاجرین پر دروازے بند کر کے انسانی اقدار نظرانداز کررہی ہے۔ پاکستان نے لاکھوں افغان مہاجرین کی کئی عشروں تک میزبانی کرکے اخلاقی اقدار کا مظاہرہ کیا۔ صدر مملکت نے مختلف شعبوں میں پوزیشن حاصل کرنے والے گریجوایٹس میں ایوارڈ تقسیم کئے ۔