اسلام آباد (صباح نیوز)وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں پی ٹی آئی کو عوام کا اعتماد حاصل ہے۔ وزیر اعظم نے اراکین قومی اسمبلی کو اپنے حلقوں میں عوامی رابطے تیز کرنے اور ان کے مسائل فوری حل کرنیکی ہدایت کردی،
وزیراعظم ارکان قومی اسمبلی سے گفتگو کررہے تھے جنھوں نے پیر کو ان سے ملاقات کی ،ان ملاقاتوں میں شیر اکبر خان، سلیم الرحمان، ظل ہما، چوہدری عامر سلطان چیمہ، ملک عمر اسلم خان، عثمان خان ترکئی، ارباب عامر ایوب، عمران خٹک، جاوید اقبال وڑائچ، عبدالمجید خان نیازی اور نیاز احمد جھاکڑ شریک ہوئے۔ معاون خصوصی ملک محمد عامر ڈوگر بھی ملاقاتوں میں موجودتھے،
اس موقع پراراکین نے وزیر اعظم پر مکمل اعتماد کا اظہارکیا ،وزیر اعظم نے کہا کے پی ٹی آئی حکومت نے عوامی فلاح کے لیے انقلابی اقدامات کئے ہیں۔کامیاب پاکستان پروگرام کے ذریعے نوجوانوں، خواتین، غریب اور متوسط افراد کے لیے بلا سود قرضے فراہم کئے جارہے ہیں۔ احساس پروگرام کے تحت رعایت راشن، تعلیمی وظائف، ایمرجنسی کیش، زچہ بچہ کی نشونما، خصوصی افراد کی کفالت، پناہ گاہیں اور خواتین کے لیے سنٹر بنائے گئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی منڈی میں قیمتیں بڑھنے کے باوجود عوام کو ریلیف مہیا کرنے کی خاطرحکومت پیٹرول اور ڈیزل پر بھاری سبسڈی دے رہی ہے۔یہ وہ تمام اقدامات ہیں جو پہلے کسی بھی حکومت نے نہیں اٹھائے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ موجودہ سیاسی صورتحال میں پی ٹی آئی کو عوام کا اعتماد حاصل ہے۔ انہوں نے اراکین قومی اسمبلی کو اپنے حلقوں میں عوامی رابطے تیز کرنے اور ان کے مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کردی۔