کراچی (صباح نیوز)کراچی ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستانی فالو آن کا شکار ہوگئی، ٹیم پہلی اننگز میں 148 رنز پر آوٹ ہوگئی۔پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم 36 رنز بنا کر نمایاں رہے، نعمان علی نے 20 اور شاہین شاہ آفریدی نے 19 رنز بنائے۔ امام الحق نے 20 اور اظہر علی نے 14 رنز بنائے۔ عبداللہ شفیق 13 اور محمد رضوان 6 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ فہیم اشرف نے چاراورساجدخان نے 5رنز بنائے۔آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے تین اور مچل سویپسن نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔آسٹریلیا کو میچ میں 408 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔
اس سے قبل کھیل کے تسیرے دن آسٹریلیا نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 556 رنز بنانے کے بعد اننگز ڈیکلیئر کرنیکا اعلان کیا، جس کے بعد پاکستان نے اپنی اننگز شروع کی تو ابتدا ہی میں اس کے دونوں اوپنر جلد پویلین لوٹ گئے۔پاکستانی اوپنر اور راولپنڈی ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں سینچری بنانے والے عبداللہ شفیق 13 رنز بنا کر آوٹ ہوگئے۔راولپنڈی ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سینچریاں بنانے والے امام الحق کو بھی 20 رنز پر اسپنر نیتھن لیون نے آوٹ کردیا۔دونوں اوپنرز کے آوٹ ہونے کے بعد جب کپتان بابر اعظم اور اظہر علی نے بیٹنگ لائن اپ کو مستحکم کرنے کے لیے باگ ڈور سنبھالی اس وقت پاکستان کو فالو آن سے بچنے کے لیے مزید 319 رنز درکار تھے۔لیکن پہلے ٹیسٹ میں شاندار سینچری بنانے والے تجربہ کار بلے اظہر علی بھی وکٹ پر زیادہ دیر نہیں ٹھرسکے اور صرف 14 رنز بنا کر مچل اسٹارک کا شکار بن گئے۔
اظہر علی کے بعد فواد عالم بیٹنگ کے لیے آئے لیکن پہلی ہی بال پر مچل اسٹارک کی ایک خطرناک یارکر ڈلیوری کا نشانہ بن گئے۔فواد عالم کے بعد آوٹ ہونے والے کھلاڑی وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان تھے، انہوں نے6 رنز بنائے، انہیں پیٹ کمنز نے نشانہ بنایا۔محمد رضوان کے بعد فہیم اشرف 4 جبکہ ساجد خان 5 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔تیسرے دن جب میچ کے دوران چائے کا وقفہ ہوا اس وقت تک پاکستان نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 100 رنز بائے تھے اور کپتان بابر اعظم 29 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ تھے جبکہ ان کے ساتھ کریز پر حسن علی موجود تھے۔چائے کے وقفے کے بعد حسن علی بغیر کوئی رن بنائے رن آوٹ ہوئے۔پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم 36 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔
اس سے قبل آسٹریلیا نے گزشتہ روز کھیل کے اختتام تک 8 وکٹوں پر 505 رنز بنائے تھے، آج جب کھیل شروع تو مچل اسٹارک گزشتہ روز کے اسکور 28 رنز میں مزید کوئی اضافہ کیے بغیر آوٹ ہوگئے لیکن اس کے بعد اننگز ڈیکلیئر کرنے قبل کپتان پیٹ کنمز کے 34 رنز ناٹ آوٹ کی بدولت آسٹریلیا نے تیز رفتار 51 ر نز بنائے اور 556 رنز کے پہاڑ جیسا اسکور بورڈ پر سجادیا۔پاکستان کی جانب سے آل رانڈر فہیم اشرف نے 21 اوورز میں 55 رنز دے کر 2 جبکہ آف اسپنر ساجد خان نے 57 اوورز میں 167 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے ابتدائی دونوں دن کا کھیل آسٹریلیا کے نام رہا تھا، عثمان خواجہ کی شاندار 160 رنز کی اننگز کی بدولت مہمان ٹیم نے دوسرے روز کے کھیل کے اختتام تک 8 وکٹوں کے نقصان پر 505 رنز بنائے تھے۔کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔