لاہور(صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی چوہدری پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ پنجاب بنانے پر متفق ہو گئیں ۔
نجی ٹی وی کے مطابق اپوزیشن کی جانب سے تحریک عدم اعتماد کے اعلان کے بعد ملکی سیاست میں ہلچل مچ گئی، متعدد ارکان اپنی اپنی جماعتوں سے ناراضی کا اظہار کررہے ہیں جبکہ ارکان کو اپنی حمایت میں لانے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں نے روابط کی مہم تیز کررکھی ہے
پیپلزپارٹی کی جانب سے حکومتی اتحادیوں سے رابطوں کا سلسلہ تیز کردیا،مسلم لیگ( ق) کی جانب سے مشاورت کا عمل مکمل کر لیا گیا تھا، ابھی تک اونٹ کسی کروٹ نہیں بیٹھا، تاہم نجی ٹی وی کے مطابق اپوزیشن کی دو بڑی جماعتیں پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن)اسپیکر پنجاب اسمبلی اور مسلم لیگ (ق)کے صدر چوہدری پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ پنجاب بنانے پر متفق ہوگئیں
چوہدری پرویز الٰہی کو اپوزیشن کی جانب سے پنجاب میں وزیراعلیٰ کا امیدوار نامزد کر دیا گیااور اس کے بدلے حکومتی اتحادی ق لیگ، ایم کیو ایم اور باپ پارٹی تینوں مشترکہ طور پر وفاق میں عدم اعتماد کی تحریک میں اپوزیشن کی حمایت کرے گی، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی آمادگی کا پیغام پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما نے ق لیگ تک پہنچا دیا۔
اس حوالے سے تینوں اتحادی جماعتیں کل (پیر کو) آصف علی زرداری کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس بھی کرسکتی ہیں۔