لاہور(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جمعرات کو فورٹریس سٹیڈیم لاہور میں نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار،عسکری قیادت ، صوبائی وزرا میاں محمود الرشید اور سردار حسنین بہادر دریشک و دیگر بھی موجود تھے۔یہ تین روزہ میگا ایونٹ 12 مارچ تک جاری رہے گا۔ یہ شو سب سے اہم سماجی و ثقافتی پروگرام ہے اور پنجاب کو آغاز سے ہی اس کی میزبانی کا اعزاز حاصل رہاہے۔
یہ تقریب معاشرے کے مختلف طبقوں اور پاکستان کے تمام صوبوں سمیت آزاد جموں و کشمیر کے کچھ حصوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے درمیان قومی اتحاد، یکجہتی اور ہم آہنگی کا شاندار اظہار ہے۔چھ سال بعد منعقد ہونے والا ہارس اینڈ کیٹل شو اور اس کی بحالی پنجاب حکومت کے زراعت، لائیو سٹاک، کھیلوں، صنعتوں، دستکاری اور ثقافت وغیرہ کو فروغ دینے کے لیے کیے گئے تیز تر اقدامات میں شامل ہے ۔نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو 2022 کے اہم پروگراموں میں گھوڑوں اور اونٹوں کا رقص، ٹینٹ پیگنگ، جانوروں کے مقابلے، گھڑ سواری، جمپنگ، ملٹری پولیس کی جانب سے موٹر سائیکل پر ایکروبیٹک سٹنٹ، گرے ہائونڈز ریس، چھاتہ برداروں کا فری فال ، مویشیوں کی نمائش اورصوبائی کھلاڑیوں کا مارچ پاسٹ بھی اس ایونٹ کا حصہ ہے ۔
وزیراعلی پنجاب نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو کا سووینئر پیش کیا۔بعد ازاں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ صوبائی حکومت کو اس میگا ایونٹ کے انعقاد میں پاک فوج کا تعاون بھی حاصل ہے۔