حارث کووڈ کا شکار، نسیم شاہ آسٹریلیا کیخلاف پہلے ٹیسٹ کیلئے اسکواڈ میں شامل


اسلا م آباد(صباح نیوز)قومی ٹیم کے فاسٹ باولر حارث روف کورونا وائرس کا شکار ہو کر آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر ہو گئے ہیں اور ان کی جگہ اسکواڈ میں نسیم شاہ کو شامل کر لیا گیا ہے۔حارث رف کو پاکستان سپر لیگ میں عمدہ کارکردگی اور بہترین فارم کی بنیاد پر آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کے مطابق حارث روف کا ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ مثبت آیا جس کے بعد وہ آئسولیشن میں چلے گئے ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق حارث رف پانچ دن تک آئسولیشن میں رہیں گے اور آئسولیشن ختم ہونے پر منفی ٹیسٹ آنے پر اسکواڈ کے ساتھ گھل مل جائیں گے۔حارث روف کی عدم دستیابی کے سبب نسیم شاہ کو اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔نسیم شاہ کو ابتدائی طور پر ریزرو کھلاڑی کی حیثیت سے اسکواڈ میں شامل کیا گیاتھا لیکن حارث کی عدم دستیابی کی وجہ سے اب انہیں باضابطہ طور پر اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے اور ان کی ٹیسٹ ٹیم میں شمولیت بھی متوقع ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ میں چیمپیئن لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے والے حارث رف نے عمدہ اور مکمل رفتار سے بالنگ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 16 وکٹیں حاصل کیں۔پاکستان کی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل ہی انجری مسائل سے بھی دوچار ہو گئی ہے اور حسن علی کے ساتھ ساتھ فہیم اشرف بھی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر ہو گئے ہیں۔دونوں ہی کھلاڑی پاکستان سپر لیگ کے دوران انجری کا شکار ہوئے تھے۔

حسن اور فہیم کے انجری کا شکار ہونے کے بعد ان کی جگہ افتخار احمد اور وسیم جونیئر کو اسکواڈ کا حصہ بنا لیا گیا تھا۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 4 مارچ سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے پاکستان کا اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔بابر اعظم(کپتان)، محمد رضوان(نائب کپتان)، عبداللہ شفیق، اظہر علی، فواد عالم، نسیم شاہ، افتخار احمد، امام الحق، محمد وسیم جونیئر، نعمان علی، ساجد خان، سعود شکیل، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود اور زاہد محمود۔