لاہور (صباح نیوز)وزیر اطلاعات و نشریات فواد حسین چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت کے اعلان کردہ صنعتی پیکج سے صنعتی شعبے کو مضبوط بنانے اور ملک میں روزگار کے نئے ذرائع پیداکرنے میں مدد ملے گی۔ منگل کے روز لاہور میں صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو کاروبار شروع کرنے کے لئے آسان شرائط پر قرضے فراہم کر رہی ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے ٹیکسٹائل کی صنعت کو بحال کیا ہے اور تعمیراتی اور زرعی شعبوں کو مضبوط بنانے کے لئے منصوبوں کا آغاز کیا ہے۔چوہدری فواد حسین نے کہا کہ حکومت نے کورونا کے بعد کی صورتحال پر کامیابی سے قابو پایا ہے اور عالمی وبا کی روک تھام کیلئے پاکستان کے اقدامات کو عالمی مالیاتی اداروں نے بھی سراہا ہے ،
وزیراطلاعات نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔چوہدری فواد حسین نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے کردار کو سراہا جنہوں نے رقوم بھیجیں جس سے ملک کی معیشت کو مدد ملی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ٹیکسائل کی صنعت بحال کی ہے جبکہ تعمیرات اور زراعت کو بھی فروغ ملا ہے۔