وزیراعظم کا قوم سے خطاب، پیٹرول 10 روپے سستا، بجلی 5 روپے فی یونٹ کم کرنے و مختلف منصوبوں اور ریلیف کا اعلان


اسلا م آباد(صباح نیوز)وزیراعظم عمران خان نے عالمی سطح پر مہنگائی کے باوجود اعلان کیا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے اور بجلی کی قیمت فی یونٹ 5 روپے کم کی جائے گی اور اگلے بجٹ تک دونوں چیزوں کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی،وزیراعظم نے آئی ٹی سیکٹر کو ٹیکسز سے استثنی دینے ، اسکالرشپ اور اوورسیز پاکستانیوں کو سرمایہ کاری پر ٹیکس چھوٹ دینے کا بھی اعلان کر دیا۔

 قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ روس اوریوکرین جنگ کی وجہ سے خوف ہے تیل کی قیمتیں بڑھیں گی دنیا کی30فیصدگیس روس یوکرین سے آتی ہے قیمت بڑھے گی پاکستان میں آج بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم ہیں، اپوزیشن تنقیدکرتی ہے ان کے پاس کیاحل ہے اگر اپوزیشن کے پاس تیل کی قیمتوں کے پاس کوئی تجویز ہے تو بتائے ،پاکستان میں سبسڈی نہ دیں توفی لیٹرقیمت220روپے ہے، حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ مہنگائی میں اضافے کے خدشے کے باوجود قیمتیں بڑھانے کی بجائے کم کی جائیں گی۔وزیراعظم نے خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے کمی کر رہے ہیں جب کہ بجلی کی قیمت میں5روپے فی یونٹ کمی کر رہے ہیں فیصلہ کیاہے آئندہ بجٹ تک بجلی اورتیل کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کریں گے، 50سال میں پاکستان میں کوئی ڈیم نہیں بنائے گئے10ڈیم بنارہے ہیں جس کی وجہ سے بجلی کی قیمتوں میں کمی ہوگی۔

وزیراعظم نے گریجوایٹس کو 30 ہزار روپے کا انٹرن شپ وظیفہ دینے، آئی ٹی سیکٹر کمپنیوں کیلئے ٹیکسوں میں 100 فیصد کمی، اوورسیز پاکستانیوں کو 5 سال کی ٹیکس چھوٹ دینے کا اعلان کرتے ہوئے احساس پروگرام کے ذریعے 12ہزار کے بجائے 14ہزار ملیں گے،جب کہ 26لاکھ اسکالرشپس لارہے ہیں جس پر38ارب روپے خرچ ہوں گے ، اسکالرشپ میرٹ پردی جائیں گی کسی کومسئلہ ہو تو پورٹل پرشکایت کرے گا۔عمران خان نے اعلان کیا کہ آئی ٹی سیکٹر میں فری لانسرز اور کمپنیوں کو 100فیصدٹیکس معاف کر دیا ہے آئی ٹی سیکٹرمیں فارن ایکسچنج کی موومنٹ پر100فیصدچھوٹ دیدی گئی ہے آئی ٹی اسٹارٹ اپ کو 100 فیصدکیپٹل گین ٹیکس پرچھوٹ دیدی گئی ہے انڈسٹری سے متعلق کل لاہورمیں پیکج سے متعلق آگاہ کیا جائے گا۔وزیراعظم نے صحت کارڈ سے متعلق کہا کہ خواہش ہے ہر پاکستانی شہری کے پاس ہیلتھ انشورنس ہو صحت کارڈ کی ترقی یافتہ ممالک میں بھی ایسی اسکیم نہیں ہے پنجاب میں ہر گھرانے کے پاس مارچ کے آخرتک صحت کارڈ ہو گا ہیلتھ کارڈ کے ذریعے کسی بھی اسپتال سے علاج کرایا جاسکتاہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اوورسیز پاکستان جو سرمایہ کاری کریں گے انہیں 5سال ٹیکس چھوٹ دیدی ہے اوورسیز پاکستان جو جوائنٹ وینچر کریں گے انہیں بھی5سال ٹیکس چھوٹ ہوگی، کسانوں اورگھروں کی تعمیر کیلئے آئندہ 2سال میں407ارب کے قرضے دیں گے جب کہ تنخواہ دارطبقے کوبینک قرضے نہیں دیتے تھے تاہم بینک اب تک 50ارب روپے گھروں کی تعمیر کیلئے قرضے دے چکے ہیں ،عمران خان نے کہا کہ کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت نوجوان، کسانوں کو سود کے بغیر قرض دیں گے، جوغریب اپنا گھر بنانا چاہتے ہیں ان کو سستا قرضہ دیں گے، قرض لینے کے لیے بینکوں میں آسانی پیدا کردی ہے، پہلے بینک چھوٹے طبقے کو قرضے نہیں دیتے تھے، جو آدمی کرائے کے گھر میں رہتا ہے اتنی قسط دے کر اپنا گھر لے سکتے ہیں، 50 ارب روپیہ گھروں کے لیے دے چکے ہیں، صحت کارڈ پر مجھے سب سے زیادہ فخر ہے، غریب گھرانے کے لیے صحت کارڈ سب سے بڑی نعمت ہے، جب کوئی غریب بیمار ہو تو اسے پیسے نہ ہونے کا خوف نہیں ہوگا، ہر گھرانے کے پاس صحت کارڈ ہوگا، ہر خاندان کسی بھی ہسپتال سے 10 لاکھ تک علاج کرا سکتا ہے، ہماری حکومت کا ساڑھے تین سالوں میں صحت کارڈ سب سے بڑا کام ہے، قوم سے کہنا چاہتا ہوں مجھے پتا ہے یہ مشکل حالات ہیں، کبھی پلوامہ، کبھی کورونا اور اب یوکرین کا مسئلہ آگیا، ہماری حکومت سارا وقت عوام کو ریلیف دینے کے لیے سوچتے ہیں، ماشااللہ اکانومی اب صحیح راستے پرچل پڑی ہے اور آئی ایم ایف بھی پاکستان کی گروتھ کومستحکم قرار دے رہا ہے۔

وزیراعظم نے خطاب کا آغاز عالمی افق پر تنازعات، دہشتگردی اور جنگوں کے تناظر میں آزاد خارجہ پالیسی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دنیامیں بڑی تیزی سے صورتحال بدل رہی ہے پاکستان پربھی دنیاکی تیزی سے بدلتی صورتحال کے اثرات پڑ رہے ہیں معاشی صورتحال اورفارن پالیسی کیلئے دواہم دورے کیے چین اورروس کے اہم دورے کیے ہمیشہ آزاد فارن پالیسی کاسوچا ہے آزاد فارن پالیسی کامطلب ہے ہمیشہ اپنے عوام کیلئے سوچنا، امریکا کیساتھ وارآن ٹیررمیں حصہ لیا تو شروع سے کہا اس کاحصہ نہیں بنناچاہیے ہم نے سوویت یونین کیخلاف امریکا کیساتھ افغانستان میں شرکت کی۔

دورہ روس کی وجہ بتاتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ روس سے ہمیں20 لاکھ ٹن گندم اور گیس درآمد کرنی ہے روس میں دنیا کی 30 فیصد گیس ہے جس کی ضرورت پاکستان کو ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پیکا قانون 2016 میں بنا تھا جس میں ترمیم کر رہے ہیں جو سربراہ قانون نہیں توڑتا اسے کبھی آزاد صحافت یامیڈیاسے خطرہ نہیں ہوتا، 70فیصدخبریں میڈیامیں ہمارے خلاف آئیں لیکن فرق نہیں پڑا، پیکاقانون سوشل میڈیا پر آنے والے گند کو روکنے کیلئے لارہے ہیں چائلڈ پورنوگرافی، سوشل میڈیا پر انتہائی غلیظ چیزیں آرہی ہیں، ایف آئی اے کے پاس سوشل میڈیاسے متعلق 94ہزار کیسزہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم تک کیخلاف نازیبا اور غیراخلاقی مہم چلائی جارہی ہے پہلے کہا گیا وزیراعظم نے بنی گالہ میں غلط کام کیا آج 3سال ہوگئے غلط خبردینے والے صحافی کیخلاف کارروائی نہیں ہوئی اسی صحافی نے پھر خبر دی کہ وزیراعظم کی اہلیہ گھر چھوڑ کر چلی گئی جو غلط ہے لیکن صحافی کیخلاف پھربھی کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔عمران خان نے کہا کہ وزیراعظم کو3سال سے انصاف نہیں ملاتوعام آدمی کا کیا ہو گا؟ جنگ جیوگروپ نے شوکت خانم اسپتال کیخلاف بے بنیادخبر دی کہاگیاشوکت خانم کے فنڈکے پیسے پی ٹی آئی کیلئے استعمال ہو رہے ہیں شوکت خانم اب جنگ جیوکیخلاف یو کے میں کیس کرنے جارہاہے۔ان کا کہنا تھا کہ ایسے صحافی بیٹھے ہیں جو پیسے لے کر گند اچھال رہے ہیں ساری زندگی تنقید برداشت کی ہے جو غیرذمہ دارانہ چیزیں یہاں آتی ہیں کسی اورجمہوری ملک میں نہیں ہوتا، پیکاقانون کا آزادی صحافت سے تعلق نہیں ہے اچھے صحافی پیکاقانون سے خوش ہونگے کیونکہ جعلی خبریں رکیں گی خواتین سے متعلق گند اچھالناکسی کوزیب نہیں دیتا اندازہ لگائیں وزیراعظم آزادکشمیرکاانتخاب کیاگیاتوتنقیدکی گئی یہ کہاگیا جادو ٹونے سے وزیراعظم آزادکشمیر کا انتخاب کیا گیا اس قسم کی خبرکسی اورملک میں چلائی جاتی تو کیسز ہوتے۔

وزیراعظم نے کورونا سے معیشت کو پہنچنے والے نقصانات اور چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 2018 میں معیشت ملی تو پاکستان کاسب سے بڑاخسارہ تھا پاکستان کی تاریخ میں سب سے بڑاڈیفسٹ تھا ہمارے فارن ریزرو 3ماہ کیلئے بھی نہیں تھے پہلے ہی مشکل حالات تھے اوپر سے کورونانے بھی معیشت کومتاثرکیا کوروناکی وجہ سے لاک ڈاون ہواجس کی وجہ سے مسائل ہوئے سپلائی لائنز متاثر ہوئیں، کموڈٹیز تاریخی مہنگی ہوئیں۔وزیراعظم کا مہنگائی پر تقابلی جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ کہا گیا حکومت ہٹادو مہنگائی لائی،عالمی صورتحال بھی دیکھ لیں پیپلزپارٹی کے چوتھے دور میں13.8فیصدمہنگائی ہوئی، ن لیگ کے پہلے دور میں 10.8، دوسرے دور میں 7.2فیصد مہنگائی ہوئی ن لیگ کے تیسرے دورمیں تیل کی کم قیمت ہونے کے باوجود5فیصدمہنگائی ہوئی پی ٹی آئی کے 3سال میں8.7 فیصد مہنگائی ہوئی، مہنگائی ہے لیکن اس کی وجہ کیا ہے وہ بھی دیکھناچاہیے مہنگائی صرف پاکستان نہیں دنیابھرمیں آئی ہوئی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ جب ملک کے سربراہان کے بیرون ملک اربوں ڈالرہونگے تو کبھی اپنے ملک کی بہتری کا نہیں سوچتے، قوم جب ووٹ ڈالے تو کبھی اس پارٹی کو ووٹ نہ دیں جن کے بیرون ملک پیسے، جائیدادیں ہے۔وزیراعظم نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ چین اور روس کا دورہ کرچکا ہوں، دنیا میں صورتحال تیزی سے بدل رہی ہے، دنیا کی بدلتی صورتحال کا اثر پاکستان پر بھی پڑا ہے، چین، روس کا بڑا اہم دورہ کیا ملک کوعزت ملی، آنے والے وقت میں بڑے اچھے نتائج آئیں گے، روس سے 20 لاکھ ٹن گندم امپورٹ کرنی ہے، روس سے گیس بھی امپورٹ کریں گے، چین کے ساتھ سی پیک کے دوسرے فیز میں اہم معاہدے ہوئے۔

عمران خان نے کہا کہ دنیا نے کورونا کے دوران ہماری حکومت کی معاشی پالیسی کوسراہا، کورونا کے باوجود دنیا کے ٹاپ تین ممالک میں معیشت بچانے والا پاکستان ہے، ورلڈ بینک، ورلڈ اکنامک فورم نے پاکستان کی تعریف کی، اگر ہماری حکومت نااہل ہوتی تو عالمی ادارے تعریف کرتے؟ بل گیٹس نے ملاقات میں پوچھا کیا اقدامات اٹھائے جو حالات بہتر رہے، ایک طرف کورونا، دوسری طرف پولیو مہم بھی چلارہے تھے، پچھلے سال کوئی پولیو کیس نہیں آیا جبکہ احساس پروگرام کی دنیا نے تعریف کی-