پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ناقابل قبول ہوگا،شیری رحمان


اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر اور سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کی چیئرپرسن شیری رحمان نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا بہانا بنا کر حکومت یکم مارچ سے ایک بار پھر پیٹرول کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کرنے جا رہی ہے۔اس وقت عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل ہے جبکہ ملک میں پیٹرول کی قیمت 160 روپے فی لیٹر ہے۔ قیمتوں میں اضافہ ناقابل قبول ہوگا۔

ان خیالات کااظہار شیری رحمان نے جمعہ کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ شیری رحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دور میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمت 110ڈالر فی بیرل جبکہ ملک میں پیٹرول کی قیمت 113 روپے تھی۔لہذا حکومت عالمی منڈی کی آڑ میں عوام کو لوٹنے کا منصوبہ نہ بنائے۔ اپنی نااہلی اور عالمی قیمتوں کا بوجھ عوام پر منتقل نہ کریں۔عوام پہلے ہی تاریخی مہنگائی سے پریشان ہیں۔

اپنے ایک اورٹویٹ میں شیری رحمان نے کہا کہ روس یوکرین تنازعہ کے نتیجے میں پاکستانی شہری اور طلبہ یوکرین میں پھنس گئے ہیں۔ 500 سے زائد پاکستانی طلبا یوکرین سے انخلا کے منتظر ہیں کیوں کہ یوکرین نے اپنی فضائی حدود بند کر دی ہیں۔ حکومت پاکستان یوکرین میں پھنسے پاکستانی شہریوں اور طلبا کی حفاظت واپسی کو کو یقینی بنائے۔