اتحادی ہمیشہ بارڈر لائن پر کھڑے ہوتے ہیں، فرخ حبیب


اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ اتحادی ہمیشہ بارڈر لائن پر کھڑی ہوتے ہیں ان پر مرضی لاگو نہیں کر سکتے۔

ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ پیکا آرڈیننس فیک نیوز کے خلاف موثرثابت ہو گا اور پیکا قانون مسلم لیگ( ن) کے دور میں بنا تھا ہم نے تو صرف سزا واضح کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سائبر کرائم میں ہزاروں درخواستیں پڑی ہیں اور سوشل میڈیا پر لوگوں کی ذات پر حملے کئے جاتے ہیں جبکہ سوشل میڈیا پر کنٹینٹ کا جائزہ لینے کے لیے کوئی قانون نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کی وجہ سے قانون کا آنا ضروری تھا۔ لوگوں کے گھر خراب ہوتے ہیں اور طلاق تک بات چلی جاتی ہے۔ فیک نیوز کی تشریح پر کام کر رہے ہیں اور میڈیا ایڈیٹرز سے فیک نیوز کی تشریح پر بات ہوئی ہے۔ جعلی نیوز اور تکنیکی غلطی میں فرق ہے جبکہ سی پی این ای کی جانب سے فیک نیوز کی تشریح آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیکا کے تحت کوئی صحافی گرفتار نہیں ہوا تاہم قانون کو سخت کرنے کا مقصد معاشرے کو جرائم سے بچانا ہے۔انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف کو خود ایک دوسرے پر اعتماد نہیں تو عدم اعتماد کی تحریک کہاں سے لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور آصف زرداری ایک دوسرے کو دیکھنا بھی پسند نہیں کرتے لیکن اگر شہباز شریف اور آصف زرداری اکھٹے ہوئے ہیں تو اس کی وجہ عمران خان ہے۔

اتحادیوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اتحادی ہمارے ساتھ ہیں اور اتحادی ہمیشہ بارڈر لائن پر کھڑے ہوتے ہیں اس لیے اتحادیوں پر اپنی مرضی لاگو نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف نے پیسوں کی لین دین شروع کر دی ہے اور شاباش ہو ان لوگوں پر جنہوں نے پیسے لینے سے انکار کیا۔ یہ لوٹ مار کا ٹولہ ہے کون سا ان کا اپنا پیسہ ہے۔ جلد انصاف کے لیے ہم نے عدالتی اصلاحات متعارف کرائے ہیں۔