لاہور(صباح نیوز)برطانوی ہائی کمیشن کے صوبہ پنجاب کے لئے نمائندے ایلکس بیلنجر نے منصورہ میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے ملاقات کی اور ملک کو درپیش معاشی، سیاسی اور جغرافیائی چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا۔
امیر جماعت نے کشمیر یوں کے حق خودارادیت اور مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی جانب برطانوی نمائندہ کی توجہ مبذول کروائی اور برطانیہ پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرے۔ انھوں نے برطانوی ارکان پارلیمنٹ کا شکریہ ادا کیا جو پاکستان اور کشمیر یوں کے حقوق کے لیے صدائے حق بلند کرتے ہیں۔
انھوں نے برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی تحسین کی جو برطانیہ کی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے کے علاوہ پاکستان کی معیشت کو سہارا دے رہے ہیں۔ یوکرائن کے تنازعہ کے حوالے سے کہا کہ چھوٹے ملکوں کی سالمیت اور خودمختاری کا لحاظ کیا جائے اور جنگ سے بچا جائے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان استحکام کی جانب گامزن ہے اور یہ بات خوش آئند ہے کہ امارت اسلامی افغانستان بتدریج دوسری جماعتوں کو بھی سپیس دے رہی ہے۔ ملاقات کے دوران ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد اصغر اور ڈپٹی ڈائریکٹر اُمور خارجہ عبدالقدوس منہاس بھی موجود تھے۔