جماعت اسلامی پاکستان کے وفد کی اسلام آباد میں ترکی کے وزیر مذ ہبی امور ڈاکٹر علی ارباش سے ملاقات


اسلام آباد(صباح نیوز)جماعت اسلامی پاکستان کے ایک وفد نے اسلام آباد میں ترکی کے وزیر مذہبی امور  ڈاکٹر علی ارباش سے ملاقات کی۔ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں محمد اسلم کی قیادت میں وفد میں ڈائیریکٹر امور خارجہ آصف لقمان قاضی، سابق امیر جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر عبد الرشید ترابی اور اسلام آباد کے امیر نصراللہ رندھاوا شامل تھے۔

وفد کی ترجمانی کرتے ھوئے آصف لقمان قاضی نے ڈاکٹر علی ارباش اور ان کے ہمراہ دیگر مہمانوں کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا اور کہا کہ ترکی اور پاکستان کے دوستانہ تعلقات گہرے اور دیرینہ ہیں اور اسلامی اخوت کی بنیاد پر قائم ھیں۔ ھمارے دلوں میں اپنے ترک بھائیوں کے لئے محبت اور احترام کے جذبات ھیں۔انہوں نے امت مسلمہ کے سلگتے مسائل میں عالمی سطح پر مسلمانوں کی ترجمانی کرنے پر ترک حکومت اور صدر رجب طیب اردگان کو خراج تحسین پیش کیا۔

آصف لقمان قاضی نے کشمیر اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی پشتیبانی کرنے پر ترک حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اسلامو فوبیا اور حرمت رسول صلی اللہ علیہ وسلم جیسے موضوعات پر مغربی دنیا کے سامنے مسلمانوں کا موقف واضح انداز میں پیش کرنے پر ترک حکومت کے کردار کو سراہا۔

 عبد الرشید ترابی نے کہا کہ بھارتی حکومت  مقبوضہ کشمیر کی آبادی میں مسلمانوں کے تناسب کو کم کرنے کی کوشش کر رھی ھے اور باھر سے افراد کو کشمیر میں بسایا جا رھا ھے۔ بھارت نے کشمیر میں وہ طریقے اختیار کئے ھیں جو اسرائیل فلسطین میں کر رھا ھے۔ او آئی سی مارچ میں ھونے والے اجلاس میں کشمیر پر اصولی موقف کو واضح کرے۔

اس موقع پر ترک وزیر مذھبی امور نے کہا کہ پاکستان اور ترکی برادر مسلم ممالک ھیں اور بین الاقوامی امور پر پاکستان اور ترکی میں مکمل ہم آھنگی ھے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین پر اقوام متحدہ کی قرار دوں کو پس پشت ڈالا گیا ھے، جس پر ہمیں تشویش ھے۔ جماعت اسلامی کے ساتھ ھمارا دیرینہ تعارف ھے اور اس کا آغاز اس وقت ھوا جب ڈاکٹر نجم الدین اربکان مرحوم عوامی تقریبات میں جماعت اسلامی کے قائدین کو مدعو کیا کرتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ھم نوجوانوں کو مولانا مودودی کی تفسیر قرآن کا مطالعہ کرنے کی تلقین کرتے ھیں اور تفاسیر قرآن میں سے تفہیم القرآن ترک نوجوانوں میں سب سے مقبول تفسیر ھے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا مودودی اور ڈاکٹر نجم الدین اربکان کی شخصیات کی وجہ سے مسلمان ممالک میں امت کا تصور اجاگر ھوااور مسلمانوں کی ر ہنمائی کے لئے دونوں شخصیات نے تاریخی کردار ادا کیا۔ اس موقع پر ترک وفد میں نائب وزیر مذھبی امور ڈاکٹر سلیم ارگون اور ڈائیریکٹر تعلقات خارجہ وزارت مذھبی امور اردل اتالاء بھی موجود تھے۔