اپوزیشن مایوس اور مسترد شدہ سیاست دانوں کا ٹولہ ہے،شاہ محمود قریشی


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اپوزیشن مایوس اور مسترد شدہ سیاست دانوں کا ٹولہ ہے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ اپوزیشن انتشار کی سیاست کر رہی ہے، اپوزیشن مایوس اور مسترد شدہ سیاست دانوں کا ٹولہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2018 سے لے کر اب تک حکومت گرانے کی کوششیں کی گئیں انہیں لیکن ناکامی ہوئی، اب اگر عدم اعتماد کا کھیل کھیلنا چاہتے ہیں تو اپنا شوق پورا کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے پاس اگر ووٹ مکمل ہوتے تو وہ حکومت میں ہوتے، ان کے پاس ووٹ پورے نہیں ہیں لہذا وہ دائیں بائیں دیکھ رہے ہیں، دائیں بائیں دیکھنے والوں کو ناکامی ہوگی۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اپوزیشن اس حقیقت کو تسلیم کرے 2018 کے انتخابات میں عوام نے انہیں مسترد کیا، عوام اگر اپوزیشن پر اعتماد کرتے تو وہ آج حکومت میں ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی کارکردگی کی بنا پر 2023 کا سال بھی تحریک انصاف کا سال ہے، اپوزیشن کو 2023 میں بھی مایوسی ہوگی، اگلی باری پھر ہماری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ملک درست سمت پر جا رہا ہے، وزیر اعظم عمران خان ملک کا وقار بلند اور پاکستان کو اپنے پاوں پر کھڑا کرنا چاہتے ہیں، درست نیت، خلوص اور ایمانداری سے ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے کوشاں ہیں۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ قوم ساتھ دے ملک کو بحرانوں سے نکالیں گے، پی پی ن لیگ دونوں جماعتوں نے 40 سال تک اقتدار کے مزے لوٹے، دونوں جماعتیں باریوں کی سیاست اور فرینڈلی اپوزیشن کا کھیل کھیل کر عوام کو بے وقوف بنا رہی تھیں۔