اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ اہم قانون سازی کے لئے پارلیمنٹ کو نظرانداز کرکے صدارتی آرڈی نینس کو بطور ہتھیار استعمال کرنا، جمہوری روایات اور پارلیمنٹ کی توہین ہے۔
پیکا ایکٹ میں ترمیمی آرڈی نینس لانے کی خبر پر تبصرہ کرتے ہوئے عرفان صدیقی نے اپنے بیان میں کہا کہ سینٹ کے اجلاس کے دو دن بعد اور قومی اسمبلی کا اجلاس بلا کر اچانک منسوخ کردینے سے اندازہ ہوتا ہے کہ حکومت ایک واردات کے انداز میں آرڈی نینس لانا چاہتی ہے۔
پارلیمنٹ کو جان بوجھ کر نظرانداز کرکے آرڈی نینس کے اجرا کے لئے خصوصی فضا بنانا انتہائی افسوس ناک ہے۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے کہاکہ آزادی اظہار رائے جیسے حساس معاملے پر آرڈی نینس کے ذریعے پابندیاں لگانا کسی بھی جمہوری معاشرے کے لئے انتہائی منفی اقدام ہے۔