موجودہ حکومت کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، راشد نسیم


لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ ساڑھے تین سالہ کارکردگی بدترین ہے، ملک قرضوں کے پہاڑ کے نیچے دب گیا۔ مہنگائی، بے روزگاری نے سبھی ریکارڈ توڑ دیے۔ پاکستانیوں اور بیرون ملک پاکستانیوں کی اس حکومت سے لگی تمام امیدیں دم توڑ گئیں۔ یوں دکھائی دیتا ہے کہ حکومت اپنی ناکامیوں کے بوجھ تلے دب کر ختم ہو جائے گی۔ انہی پالیسیوں میں تسلسل رہا، تو ملک میں مزید تباہی آئے گی۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں مرکزی منصوبہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔راشد نسیم کا کہنا تھا کہ صرف پی ٹی آئی نہیں سابقہ حکومتیں بھی ملک کے تمام شعبوں کے زوال کی ذمہ دار ہیں۔ ترقی کی منزل صرف جماعت اسلامی کے اقتدار میں آنے سے حاصل ہو سکتی ہے۔ عوام کو یہ باور کرانے کے لیے جماعت اسلامی کے ذمہ داران اور کارکنان کو جدوجہد میں مزید تیزی لانا ہو گی۔ جماعت اسلامی کی منزل پاکستان کو قرآن و سنت کا گہوارہ بنانا ہے۔