سمیرا کو شہریت سرٹیفکیٹ جاری کرنا اچھا اقدام ہے لیکن اس سے معاملہ ختم نہیں ہو گیا،سینیٹر عرفان صدیقی


اسلام آباد(صباح نیوز)مسلم لیگ(ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی نے بھارتی حراست گا ہ میں پڑی پاکستانی لڑکی سمیرا کو حکومت کی طرف سے شہریت کا سرٹیفکیٹ جاری کرنے کو اچھا اقدام قرار دیا ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں بین الصوبائی رابطہ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے بعد اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر عرفان صدیقی نے امید ظاہر کی کہ اب سمیرا کو جلد از جلد بھارت سے نکالنے کیلئے فوری طور پر ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں عرفان صدیقی نے کہا کہ یہ معاملہ سمیرا کی وطن واپسی سے ختم نہیں ہو جائے گا۔ میری پوری کوشش ہو گی کہ اپنے فرائض سے کوتاہی کرنے والے سفارت کاروں اور حکومتی اہلکاروں کا تعین کیا جائے اور ان کے خلاف تادیبی کاروائی کی جائے۔ سمیرا کے پاکستان پہنچنے کے فورا بعد باضابطہ انکوائری کی جانی چاہئے۔ ہمیں پتہ چلنا چاہئے کہ سمیرا کی چار سالہ قید کے دوران پاکستانی سفارت خانے نے اسکی کیا مدد کی۔ ہمیں اس کا بھی تعین کرنا ہو گا کہ چھ ماہ تک سمیرا کو شہریت سرٹیفکیٹ کیوں جاری نہ ہو سکا میں نے 14فروری اور 17فروری کو یہ معاملہ ایوان میں اٹھایا تو ریاست مدینہ کے حکمرانوں کی آنکھیں کھلیں۔

عرفان صدیقی نے پاکستانی میڈیا کا شکریہ ادا کیا جس نے اس اہم انسانی مسئلے پر ان کا ساتھ دیا۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ وہ یہ معاملہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ میں بھی اٹھا چکے ہیں۔ انہیں یقین ہے کہ کمیٹی اس معاملے پر حکومت سے جامع رپورٹ طلب کرے گی۔