اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز نے کہاہے کہ تحریک انصاف میں فارورڈ بلاک بن چکا ہے، عدم اعتماد کی تحریک ضرور کامیاب ہوگی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ انتہائی شرمناک اقدام ہے، مہنگائی ، لاقانونیت اور دہشتگردی پھر واپس آ رہی ہے، عمران خان کوایک ایک پائی کا حساب دینا ہو گا، لندن بھاگنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ احتساب عدالت کے جج نے نیب پراسیکیوٹر سے میرے خلاف باربار ثبوت مانگے، لیکن نیب نے عدالت سے چار ہفتے کی مہلت مانگی، یہ لوگ میرے خلاف ایک ثبوت عدالت میں پیش نہیں کر سکے، اگر میرے خلاف کوئی ثبوت ہے تو عدالت میں پیش کریں، ہر پیشی پر عدالت آتی ہوں، عدالت کی جانب سے نیب کو اتنی ڈھیل نہیں دینا چاہئے، عدالت نے نیب پروسیکیوٹر کو تیاری کے لیے چار ہفتے مہلت دی، انصاف میں تاخیر کا مطلب انصاف کی فراہمی سے انکارہے۔
مریم نواز نے کہاکہ عمران خان کی ذہنی حالت پر شک ہوتا ہے، یہ دنیا کے واحد وزیراعظم ہے جو عوام کے خرچے پر بنی گالا میں عیاشی کرتے ہیں اور بنی گالہ سے وزیراعظم آفس ہیلی کاپٹر پر آتا ہے۔ آپ کو عوام کا دکھ کیسے پتا ہو کیونکہ آپ کے گھر کا کچن تو کوئی اور چلاتا ہے، اس دور حکومت میں ہر روز ملک کی تباہی ہورہی ہے، ایک ہی جھٹکے میں آپ نے 12روپے پٹرول بڑھا دیا جس سے ہر چیز مہنگی ہو گئی، پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے بعد عوام آپ کو کن الفاظ سے یاد کر تے ہیں، آپ کے لیے شرم کی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے معاملات میں پاکستان دنیا کا خطرناک ملک ہے، عمران خان کی حالت دیکھتی ہوں تو مجھے پرویز مشرف کا دور یاد آتا ہے، گزشتہ روز شہری کیخلاف ریاستی ادارے کو استعمال کیا گیا، لوگوں کے گھروں میں ریاستی ادارے کے اہلکاروں کا دیواریں پھلانگ کر جانا افسوسناک ہے،محسن بیگ نے کہا تھا انہوں نے سیاسی معاملات کیلئے آپ کو ایک ارب کا فنڈ اکٹھا کر کے دیا، ہم پر بے جا تنقید ہوئی ہم نے تو کسی کو ایف آئی اے کے ذریعے نہیں اٹھوایا۔مجھے عمران خان کی ذہنی حالت پر ترس آنے لگا ہے، ان کو وزیراعظم ہاؤس کے کسی کمرے میں بند کر دینا چاہیے، دوسروں پر تنقید کرتے ہیں تو خود بھی حوصلہ رکھیں، اگر غلط کام کئے ہیں تو تنقید برداشت کرنے کا حوصلہ رکھیں، ورنہ سیاست چھوڑ دیں۔ اپنی غلطیاں نہیں دیکھتے اور غلطیوں کی نشاندہی کرنے والوں کو تکلیف دیتے ہیں، جو معیار آپ نے اپنی اہلیہ کے لیے سیٹ کیا ہے وہی دوسروں کی بیٹیوں اور ماں کے لیے بھی رکھیں، خاتون اول کا احترام کرتے ہیں مگر معیار سب کے لیے یکساں ہونا چاہیے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان نے سرکاری خرچ پر انتقام کے سوا کچھ نہیں کیا، کل بھی ریاستی اداروں کو استعمال کرکے انتقام کی سیاست جاری رکھی، میری ماں جب بستر مرگ پر تھیں تو پی ٹی آئی کے لوگ ان کے بارے میں کہتے تھے کہ وہ ٹھیک ہیں اسپتال میں کھانا کھا رہی ہیں، اسپتال سے لوٹتے ہوئے پی ٹی آئی کے لوگ ہمارے اپارٹمنٹ کے نیچے کھڑے ہوکر مجھے گالیاں دیتے تھے، ہمارے گھر پر حملہ کیا گیا، مجھے ڈیتھ سیل میں قید کیا گیا کیا میں کسی کی بیٹی نہیں۔
لیگی رہنما نے مزید کہا کہ ملک میں ہمارے جوان شہید ہوگئے اور عمران خان چین میں اولمپکس دیکھنے گئے ہوئے تھے، ان کے جرائم کی فہرست طویل ہے، وہ ریاستی نواب یا بادشاہ نہیں، ان کا بھی احتساب ہوگا، انہیں عوام کی ایک ایک پائی کا حساب دینا ہوگا، تحریک انصاف میں ایم این ایز اور ایم پی ایز فارورڈ بلاک بنا کربیٹھے ہیں،عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ہوگی تمام اتحادیوں سے کہوں گی عوام کی آواز پر لبیک کہیں، عوام کو بھی اپوزیشن کی آواز پر لبیک کہنا چاہئے۔