پٹرول کی قیمت میں اضافے پر وزراء کے بیانات، عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہیں ،جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پٹرول کی قیمتوں میں ہوشر با اضافے پر وزراء کے بیانات عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔ ان لوگوں نے بے حسی کی تمام حدود و قیود عبور کرلی ہیں۔ 22کروڑ عوام تحریک انصاف کی نام نہاد تبدیلی کو اب تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ہر ادارہ تباہی کا منظر پیش کر رہا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا مہنگائی کے خاتمے، اور آئی ایم ایف کی غلام سے نجات کے لیے 18فروری کو گوجرانوالہ میں عظیم الشان عوامی دھرنا ہوگاجس میں مہنگائی کے ستائے لوگوں کی بہت بڑی تعداد شریک ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ان ہائوس تبدیلی کے لیے نام نہاد اپوزیشن سنجیدہ دکھائی نہیں دیتی۔ محض عوام کو گمراہ کیا جارہا ہے۔اگر مسلم لیگ (ن) ، پیپلز پارٹی کو عوام کی اتنی ہی فکر تھی تو یہ لوگ سٹیٹ بنک کے معاملے پر حکومت کا ساتھ نہ دیتے۔ چوروں ، لٹیروں کے تمام روپ عوام پہنچانتے ہیں ، وہ ان کے دھوکے میں اب نہیں آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات جیتنے کا خواب دیکھنے والے وزیر اعظم کو خیبر پختونخواسے بڑا سرپرائز ملے گا۔ حکومتی پالیسیوں سے اس کے اپنے اتحادی بھی خوش نہیں ہیں۔ عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ محمد جاوید قصور ی نے اس حوالے سے مزید کہا کہ سیاست میں جس غیر اخلاقی پن قابل مذمت ہے۔ خواتین کے حوالے سے شائستگی اور عزت و احترام کا دامن کسی کو بھی ہاتھ سے چھوڑنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔