اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر کے طلبا کیلئے سکالرشپ کمپلینٹ پورٹل کا اجرا کر دیا
تقریب سے عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلبا نے کئی بار شکایت کی کہ ہمیں نظرانداز کیا گیا، حکومت سنبھالی تو اندازہ نہیں تھا کتنی سکالرشپس دی جانی چاہئیں، دوران تعلیم اسکالرشپس ختم ہونے سے طلبا کو مشکلات کا سامنا تھا، تعلیم کا بنیادی مقصد قوم کی تعمیر ہے، کئی مضامین کی پاکستان میں اہمیت ختم ہوگئی، کئی مضامین کے لوگ پاکستان میں ملتے ہی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسکالرشپس کے ذریعے ہم تعلیم کے نظام کو بہتر بناسکتے ہیں، ہمیں اپنی نوجوان نسل کو اسلام کے اعلی اقدار سے آگاہی دینی ہے، سکالرشپس کا مقصد نوجوانوں کو ٹیکنالوجی کی جانب لے جانا ہے، طلبا کے مسائل کا تدارک کیا جائے گا، وزیراعظم پورٹل پر سکالرشپ پورٹل بنایا گیا ، بھارت میں تعلیم پر بہت زیادہ پیسہ خرچ کیا جاتا ہے، نوجوانوں کو ریاست مدینہ کے اصولوں سے روشناس کرانا ہمارا فرض ہے۔ رحمت اللعالمینۖ اسکالر شپس کے پیچھے بہترین حکمت پوشیدہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ رسول اللہۖ ایک طبقے کے لیے نہیں بلکہ ساری دنیا کے لیے رحمت اللعالمین تھے، رحمت اللعالمینۖ سکالر شپس صحیح اور غلط کا فرق بتانے کے لیے ہے۔ رسول اللہۖ کے راستے پر چلنے سے عظیم رہنما جنم لیتے ہیں۔ نوجوانوں کو رحمت اللعالمین ۖ اسکالر شپس سے فائدہ اٹھانا چاہئے اور سکالر شپ میں میرٹ کو مدنظر رکھا جائے تو منفرد کامیابی مل جاتی ہے۔