سیالکوٹ(صباح نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہونہار سکالر شپ پروگرام پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا پروگرام ہے۔سیالکوٹ میں گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی میں ہونہار سکالر شپ پروگرام کے تحت چیکس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ ہونہار سکالر شپ حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارکباد پیش کرتی ہوں، مواقع ملنے پر ہماری بیٹیاں ملک وقوم کا نام روشن کرنے میں پیش پیش ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ طلبہ کو میرٹ پر سکالر شپس دی جا رہی ہیں، کوئی سفارش قبول نہیں کی، 11 ماہ کے عرصے میں کسی بھی محکمے میں سفارش پر کوئی تعیناتی نہیں کی۔انہوںنے کہا کہ سکالر شپ پروگرام سیکنڈ ایئر اور تھرڈ ایئر کے طلبہ کیلئے بھی جلد شروع کیا جائے گا،
وزیراعلیٰ ہونے کی حیثیت سے مجھے صوبے کے ہر طالبعلم کا خیال رکھنا ہے، کوئی ہے کہ صوبے میں کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہ رہے، مستحق اور لائق بچوں کی مالی معاونت بھی کی جائے گی۔مریم نواز نے کہا کہ کسی بھی قوم کی بہتری میں تعلیم کا معیار بنیادی حیثیت رکھتا ہے، ہونہار طلبہ نے سکالر شپس اپنی محنت اور اہلیت سے حاصل کی ہیں، آپ جیسے ہونہار طلبہ ہی پاکستان کا مستقبل ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کا سب سے بڑا حصہ نوجوان ہیں، میری پہلی ترجیح نوجوان ہیں، لیپ ٹاپ کی پہلی کھیپ پہنچ گئی ، طالبعلموں میں لیپ ٹاپ کی تقسیم کا عمل جلد شروع کریں گے، جلد طلبہ کو مفت ایک لاکھ الیکٹرک بائیکس بھی دوں گی، پہلی بار طلبہ کو محسوس ہوا کہ کسی نے ان کے میرٹ کی قدر کی۔انہوں نے کہا کہ سیاست بہت اچھی چیز ہے اور خدمت کا نام ہے، ہم نے تشدد کی سیاست کبھی نہیں کی، ہم لشکر کشی کے بجائے خدمت کی سیاست پر توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہیں،
کبھی نہیں کہا کہ میری خاطر سڑکوں پر توڑ پھوڑ کرو، کبھی نہیں کہا کہ رینجرز اور پولیس کی وردیاں پھاڑ دو۔ا نہوںنے کہا کہ ڈوبتی معیشت کو بہتری کی طرف لے کر آئے ہیں، ترسیلات زر میں اضافہ ہوا، سٹاک مارکیٹ تاریخ کی بلندیوں پر پہنچ گئی ہے، مہنگائی میں نمایاں کمی آئی ہے۔دوران خطاب وزیراعلی پنجاب نے 2 طالبات کو سٹیج پر بلایا، طالبہ نے مریم نواز کو پینٹنگ گفٹ کی جس پر مریم نواز نے کہا کہ آپ کے تحائف اور تصاویر کو اپنے آفس میں لگائوں گی، انہوں نے تقریب سے بلا کر طالبہ کو اپنی کرسی پر بھی بٹھایا۔قبل ازیں تقریب کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ہونہار سکالر شپ پروگرام کے تحت چیکس تقسیم کئے، اس موقع پر وزیر دفاع خواجہ آصف بھی موجود تھے۔