واہ کینٹ(صباح نیوز)وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ مولانا اپنے گھر کی خبر لیں عدم اعتماد ان کے بس کی بات نہیں ،انھیں اپنے گھر میں عبرتناک شکست کا سامنا ہوا ہے، تمام اتحادی ہمارے ساتھ ہیں،میل ملاقاتیں جمہوری روایات کا حصہ ہیں ،حکومت کو کوئی خطرہ نہیں،اپوزیشن بے یقینی کی صورت حال پیدا کررہی ہے اور بے یقینی پیداکرنا ملک و قوم کے لئے زہر قاتل ہے۔
ان خیالات کا اظہارانھوں نے ٹیکسلا میں قائم لیبر کمپلیکس کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔اس موقع پر وزیر اعظم کے مشیربرائے اوورسیزایوب آفریدی،ممبر قومی اسمبلی منصور حیات خان،سید چن شاہ کاظمی،فضل اکرم خان، وزارت لیبرز کے افسران، تحریک انصاف تحصیل ٹیکسلا کے صدر ملک ایاز محمود،حاجی اجمل خان تنولی، سابق چیئرمین ملک سہیل عمران، حاجی زاہد رفیق، ملک اویس، ملک منیر، علی حسنین خان،سمیت دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔
غلام سرور خان نے کہا کہ مہنگائی عالمی مسئلہ ہے ،اس پر قابو پانے کے لئے حکومت بھرپور اقدامات کر رہی ہے،وزراتوں کی رینکنگ ضرور ہونی چاہیے اگر میری وزارت ٹاپ ٹین میں نہیں آئی تو مجھے بھی اپنی اصلاح کرنی ہے کسی کو ناراض نہیں ہونا چاہیے یہ ایک اچھا عمل ہے، خود احتسابی ضروری ہے اورمیڈیا کو بھی اس کو سراہنا چاہیے،سابقہ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے لیبر کمپلیکس کے اپارٹمنٹ ورکرز کوالاٹ نہ ہو سکے 504 فلیٹس حقدار ورکرز میں تقسیم کئے جائیں گے جن میں سے 70فلیٹس پی او ایف کے شہداء کی فیملی کو مفت دیے جائیں گے، مارچ میں یہ الاٹمنٹ کر دی جائے گی، اس کے لئے ہم باقاعدہ طورپر وزیر اعظم پاکستان کو دوعوت دینگے اسی موقع پر ورکرز فلیٹس کے دوسرے مرحلے کا بھی آغاز کیا جائے گا۔
غلام سرور خان نے کہا کہ موجودہ حکومت نیک نیتی کے ساتھ ملکی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لئے کوشاں ہے اپوزیشن میں کوئی دم خم نہیں جس طرح وہ عوام کو بہکا رہے ہیں یہ کسی طور بھی ملک و قوم کے مفاد میں نہیں ، مثبت تنقید جمہوریت کا حصہ ہے مگر ملکی ترقی میں رکاوٹیں ڈالنا ملک کے ساتھ غداری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے یہ لیبر کمپلیکس شروع کرایا مگر سابقہ حکومت نے 504فلیٹس تیار ہونے کے باوجود الاٹمنٹ نہ کی الٹا ہمارے دور میں مخالفین نے عدالت سے رجوع کر کے حکم امتناعی حاصل کر لیا اب عدالت نے حکم امتناعی ختم کر دیا ہے اور اب ہم یہ فلیٹس ورکرز کو دے رہے ہیں اگلے ماہ ان کی باقاعدہ الاٹمنٹ کر دی جائے گی ،اس موقع پر ورکرز ویلفئیرکے افسران نے انھیں پروجیکٹ کے متعلق بریفنگ دی۔