چیف جسٹس سپریم کورٹ کی بارایسوسی ایشن کے عہدیداروں سے ملاقات، مطالبات منظور کرلئے

اسلام آباد(صباح نیوز) چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران سے ملاقات ہوئی۔ اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں جسٹس نعیم اختر افغان، جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس عائشہ ملک بھی شریک تھیں، ملاقات میں فوری اور حکم امتناع کے معاملات کی جلد سماعت پر غور کیا گیا۔چیف جسٹس نے سپریم کورٹ بار کے مطالبات کو قبول کیا، ملاقات میں فوری نوعیت کے معاملات فوری بنیادوں پر سماعت کیلئے مقرر کرنے پر اتفاق ہوا،

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے تمام ججز کا شکریہ ادا کیا۔اعلامیہ کے مطابق فوری نوعیت کی درخواستوں میں وضاحت کے ساتھ ثبوت فراہم کرنا ہو گا، سرکاری ٹیکس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے دھمکی آمیز یا غیر موافق کارروائی کو فوری مقرر کیا جائے گا۔ سپریم کورٹ کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ کسی بھی دھمکی آمیز کارروائی کے ثبوت کے ساتھ درخواست جمع کروانا ضروری ہو گا۔