اسلام آباد (صباح نیوز)اسلام آباد کے سیکٹر آئی نائن میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے ٹریفک پولیس اہلکار کو شہید کردیا اورفرار ہوگئے،وفاقی ورزیر داخلہ محسن نقوی نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کا حکم دے دیا ۔ترجمان وفاقی پولیس کے مطابق ٹریف پولیس کے کانسٹیبل زبیر گولی لگنے سے موقع پر شہید ہوگئے۔
جائے وقوعہ سے شواہد جمع کرکے تحقیقات شروع کردی گئیں ۔ملزمان کی گرفتاری کے لئے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے ۔ ملزمان کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیمیں چھاپے مارنے شروع کردیئے ۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید اہلکار کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے، اپنے بیان میں کہا دکھ کی گھڑی میں سوگوار خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں، ان کی مکمل دیکھ بھال کی جائے گی اور انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔وزیر داخلہ نے فائرنگ کرنے والے ملزمان کو فوری طور پر قانون کی گرفت میں لانے کی ہدایت بھی کردی۔