اسلام آباد(صباح نیوز)رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے کہا ہے کہ اسلام تعلیم کی اہمیت اور ضرورت پر زور دیتا ہے ،لڑکیوں کی تعلیم کیلئے کانفرنس کا انعقاد خوش آئند ہے،مسلم معاشرہ میں لڑکیوں کی تعلیم کے حوالے سے درپیش چیلنجز کا خاتمہ ضروری ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں لڑکیوں کی تعلیم کے حوالہ سے دو روزہ کانفرنس کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا ۔ شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے کہا کہ ملالہ یوسف زئی تعلیم کے میدان میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں ۔ پاکستان کی حکومت خواتین کی تعلیم کے فروغ کیلئے دن رات کوشاں ہے ۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے خواتین کی تعلیم کے حوالہ سے بہت کام کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ لڑکیوں کی تعلیم کے حوالہ سے کانفرنس کے انعقاد کا مقصد ایک مثالی پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔خواتین تعلیم کے زیور سے آراستہ ہو کر معاشرہ کی ترقی اور تکمیل کا باعث ہیں۔ پاکستان کی حکومت نیوزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیرنگرانی کانفرنس کے بہترین انعقاد کا حق ادا کیا ہے ۔انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ اسلام آباد اعلامیہ ایک تاریخی ڈیکلریشن ہوگا ۔
خواتین کیلئے تعلیمی سکالر شپس کا اجرا کیا جائے گا۔ سیکرٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی(مسلم ورلڈ لیگ) نے کہاکہ تمام علمائے کرام نے خواتین کی تعلیم کے حوالہ سے اپنے موقف سے آگاہ کیا ہے ۔ ہم دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ مسلم معاشرہ میں خواتین کو تعلیم کے حصول میں کوئی رکاوٹ نہیں ۔ امت مسلمہ خواتین کی تعلیم کیلئے بہتر سے بہتر مواقع فراہم کرنے کا عزم رکھتی ہے ۔ تمام علما کرام بھی خواتین کی تعلیم کیلئے پرعزم ہیں ۔خواتین کی تعلیم کیلئے عالم اسلام کے تمام علما اور مکاتب فکر متفق ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ لڑکیوں کی تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے حوالہ سے مسلم ورلڈ لیگ کے اقدام کے تحت پاکستان میں کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ہے جس کا بنیادی مقصد مسلم معاشرہ میں لڑکیوں کی تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور دنیا کے سامنے اسلامی تصورات کی درست عکاسی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کانفرنس میں تمام مکاتب فکر کے علما کا ایک سیشن بھی منعقد ہوا اور تمام علمائے کرام مردوں کی طرح عورتوں کی تعلیم پر متفق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں دنیا بھر کے مختلف ممالک سے وزرا اور سفارتکاروں سمیت اعلی حکام شرکت کر رہے ہیں ۔
کانفرنس کے انعقاد اور اسلام آباد اعلامیہ سے عالم اسلام میں لڑکیوں کی تعلیم کے حوالہ سے عالمی برادری کو ایک مثبت پیغام جائے گا ۔ انہوں نے کہاکہ افتتاحی سیشن میں مسلم ورلڈ لیگ اور آئی سی نے ایک معاہدہ پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت خواتین کیلئے مختلف سکالر شپس فراہم کی جائیں گی ۔انہوں نے کہاکہ پوری امت مسلم اور تمام مکاتب فکر کے علما لڑکیوں کی تعلیم کے بارے میں متفق ہیں ۔سیکرٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی نے پریس کانفرنس کے آخر میں دعا کی کہ یہ کانفرنس اپنے اہداف حاصل کرنے میں کامیاب ہو ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عورتوں کی تعلیم کے حوالہ سے معاشرہ میں پائی جانے والی غلط فہمیوں کا ازالہ کرنا ہوگا ۔ جس کیلئے تمام مکاتب فکر کے علما کرام کیلئے سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں علما کرام نے اتفاق کیاکہ عورتوں کی تعلیم کے حوالہ سے غلط تصورات کو ختم کرنے کی ضرورت ہے ۔
انہوں نے کہاکہ علمائے کرام کے خطابات کی دنیا بھر میں تشہیر کی جائے گی تاکہ عورتوں کی تعلیم کے حوالہ سے منفی تاثرات کا ازالہ اور حوصلہ شکنی کی جا سکے۔ لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ کے حوالہ سے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہم مختلف تنظیموں اور اداروں کے ساتھ ملکر اقدامات کریں گے تاکہ عورتوں کی تعلیم کی اہمیت کو حقیقی معنوں میں اجاگر کیا جا سکے ۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی یونیورسٹیوں کی تعلیم دیگر جامعات کے ساتھ اشتراک کار کے ذریعے عورتوں کی تعلیم میں آسانی ، مواقع کی فراہمی اور درپیش روکاٹوں کو دور کیا جائے گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ جو لوگ لڑکیوں کی تعلیم کے راستے میں رکاوٹیں پیدا کرتے ہیں ان کے پاس اس کا کو ئی جواز موجود نہیں ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہم کسی خاص تنظیم یا ملک کے حوالہ سے بات نہیں کر رہے بلکہ ہمارا پیغام تمام لوگوں کیلئے ہے تاکہ لڑکیوں کی تعلیم کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جا سکے کیونکہ اسلام کبھی بھی عورتوں کی تعلیم میں رکاوٹ نہیں بنتا ۔