راولپنڈی (صباح نیوز)بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کا کہنا ہے کہ جب عمران خان نے باہر آنا ہوا تو ان شا اللہ فجر کے وقت جیل کا دروازہ کھل جائے گا، بانی پی ٹی آئی ڈیل کے تحت نہیں سرخرو ہو کر جیل سے نکلیں گے۔
علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی اراکین نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے ٹوئٹ کیا ہے شاید اس لیے مذاکرات بند ہو جائیں، جب یہ کچھ کرنا چاہتے ہیں تو صبح 7 بجے جیل بھی کھل جاتی ہے، جب یہ کچھ کرنا چاہتے ہیں تو رات کو بھی ملاقات ہو جاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب بانی پی ٹی آئی نے باہر آنا ہوا تو ان شا اللہ فجر کے وقت جیل کا دروازہ کھل جائے گا، بانی پی ٹی آئی نے کہا مذاکراتی کمیٹی سے ملاقات کے حوالے سے جیل حکام نے صبح ہی منع کر دیا تھا۔علیمہ خان نے کہا القادر کیس ہائیکورٹ میں جائے گا تو ساری دنیا کو پتا چلے گا کہ یہ کتنا بڑا مذاق ہے، بشری بی بی نے پچھلی سماعت پر بتایا تھا کہ وہ اگلی سماعت میں نہیں آئیں گی، بانی پی ٹی آئی ان کیسوں سے بری ہوں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پہلے دن سے عمران خان کہہ رہے ہیں کہ سب کیسز سے بری ہو کر نکلوں گا ، وہ آج بھی اپنی بات پر قائم ہیں کہ اپنے کیسز کا سامنا کروں گا ، انہوں نے سلمان اکرم راجہ کو مقرر کیا ہے، انہوں نے وہی کہنا ہے جو عمران خان کہیں گے، پارٹی 8 فروری سے بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑی ہے اور کسی کے قبضے میں نہیں ہے ، علیمہ خان نے کہا کہ قوم نے عمران خان کا ساتھ دیا اور انھوں نے ڈیڑھ سال جیل میں بیٹھ کر مقدمات کا سامنا کیا، بانی پی ٹی آئی ڈیل کے تحت نہیں سرخرو ہو کر جیل سے نکلیں گے۔علیمہ خان نے کہا کہ 250 بچوں کو مفت تعلیم دینا بانی پی ٹی آئی کا جرم ہے، آج ہمیں اندر نہیں جانے دیا گیا، ہم احتجاجا پیدل اندر گئے۔
عمران خان کی ہمشیرہ نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کو بتائیں کہ بانی پی ٹی آئی سونا نہیں ہیرا ہیں، رانا ثنا اللہ کہہ رہے ہیں کہ علیمہ خان پی ٹی آئی پر قبضہ کرنے لگی ہے، یہ اور اسٹیبلشمنٹ تو ماشا اللہ ایک پیج پر ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی 8 فروری سے کسی کے قبضے میں نہیں ہے، بانی جیل سے اسے چلا رہے ہیں، ہم جلد بانی پی ٹی آئی کو جیل سے باہر نکالیں گے، رانا ثنا اللہ کو کیوں فکر ہو رہی ہے؟ عمران خان کی بہن علیمہ خان نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم اسلام آباد ہائی کورٹ گئے، سپریم کورٹ گئے، کوئی ہماری بات سننے کو تیار نہیں۔ ہمارے پاس کوئی راستہ نہیں بچا، ہم اپنے کیسز کو بین الاقوامی سطح پر لے جائیں گے۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ ہمیں آج اندر جانے سے روکا گیا، ہم پیدل چل کر اندر والے گیٹ پر گئے۔ پہلے پوری فیملی کو اجازت ہوتی تھی۔ انہوں نے بانی پی ٹی آئی تک رسائی محدود کررکھی ہے۔ یہ ٹارچر ہے، ذاتی معالج کو بھی نہیں ملنے دیا جا رہا ۔ بانی پی ٹی آئی چیزیں مانگتے ہیں تو یہ لوگ تنگ کرتے ہیں۔بانی پی ٹی آئی کی بہن نے گفتگو کرتے ہوئے مزید بتایا کہ رانا ثنا اللہ کی پریس کانفرنس سن کر عمران خان مسکرائے، انہیں بڑا مزہ آیا۔ ہم بانی پی ٹی آئی کا پورا پیغام قوم تک پہنچا رہے ہیں۔ ہماری کوشش ہوتی ہے بانی پی ٹی آئی کی کوئی بات مِس نہ ہو۔ یہ بہت بڑی ذمے داری ہے، اسے پورا کریں گے۔ اب یہ چیزیں ہم کو نہیں روک سکتیں۔علیمہ خان کا کہنا تھا کہ 2 ماہ پہلے پیغام آیا تھا کہ آپ کے اوپر ہم اے آئی جنریٹڈ ویڈیو نکال دیں گے۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ آپ اکیلے ہیں،
میں نے کہا ہمارے پاس پورا پاکستان، سارا سوشل میڈیا اور تمام پاکستانی بھائی سب موجود ہیں۔ اللہ تعالی ہمیں محفوظ رکھنے والا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ سمجھتے ہیں ہم سیاست میں آ چکے ہیں۔ میں ایک بار پھر واضح کر دوں کہ ہم سیاست میں نہیں ہیں۔ ہم بانی پی ٹی آئی کی ان شا اللہ رہائی تک سب آپ کے سامنے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کے پاس کوئی عہدہ نہیں ہے، وہ اپنی پارٹی جیل سے چلا رہے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی پاکستان کے لوگوں کی زبان ہیں۔ وہ پاکستان کے لوگوں کی سوچ ہے۔