مختلف شعبوں میں اصلاحات متعارف کرانے کیلئے پرعزم ہے، وزیرخزانہ


اسلا م آباد(صباح نیوز)وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ حکومت پائیدار اور جامع ترقی برقرار رکھنے اور تنظیمی مسائل کے حل کے لئے مختلف شعبوں میں اصلاحات متعارف کرانے کیلئے پرعزم ہے۔وہ بدھ کو اسلام آباد میں ایشیائی ترقیاتی بنک کے کنٹری ڈائریکٹر یانگ ژی اور ڈائریکٹر پبلک مینجمنٹ فنانشل سیکٹراینڈ ٹریڈ ڈویژن طارق ایچ نیازی سے گفتگو کررہے تھے۔

اسلام آباد میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے طارق ایچ نیازی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے محصولات میں اضافے کیلئے اقدامات کیے ہیں جن میں ٹیکس دائرہ کار میں توسیع’ پرچون فروشوں پر ٹیکسوں کا نفاذ’ون ونڈو سہولیات اور نگرانی کا نظام شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ سرمایہ منڈیوں کی ترقی کے پروگرام کے تحت بقیہ ترجیحی اقدامات مکمل کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔اس موقع پر طارق نیازی نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک مختلف پروگراموں کی کامیاب تکمیل کیلئے پاکستان کو مکمل تکنیکی معاونت فراہم کررہاہے۔

انہوں نے سماجی و اقتصادی شعبوں میں بہتری پر پاکستان کی کوششوں کو سراہا انہوں نے مستقبل میں تنظیمی اصلاحات پرعملدرآمد کے لئے معاونت جاری رکھنے کے لئے بینک کے عزم کا اعادہ کیا۔ علاو ہ ازیں وزیرخزانہ شوکت ترین نے سعودی عرب کے سرمایہ کاری کے وزیرخالد الفلاحی اورقطر کے توانائی کے وزیرسے آن لائن ملاقاتیں کیں۔سعودی وزیر کے ساتھ ملاقات میں پاکستان کی طرف سے بتایاگیا کہ موجودہ حکومت غیرملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے اور سہولیات کی فراہمی کیلئے مراعات فراہم کررہی ہے ۔فریقین نے زراعت، خوراک کے تحفظ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی ، ریفائنری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون اور سرمایہ کاری بڑھانے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا اورتجارتی اور اقتصادی تعاون بڑھانے کی خواہش ظاہر کی ۔سعودی عرب کے سرمایہ کاری کے وزیر نے مختلف شعبوں میں وسیع تر باہمی سرمایہ کاری کی ضرورت پر زوردیا۔

قطر کے وزیر توانائی سے ملاقات میں دونوں فریقوں نے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کے طریقوں پرتبادلہ خیال کیا ۔ملاقات میں پاکستان میں ایل این جی ٹرمینل کے قیام کے امور پر بات چیت کی گئی ۔اس کے علاوہ امریکہ میں پاکستان کے نامزد سفیر مسعود خان نے  اسلام آباد میں وزیرخزانہ شوکت ترین سے ملاقات کی ۔وزیرخزانہ نے نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مسعود خان کو مبارک باد دی۔ڈیجیٹل پالیسی اور ای کامرس کے بارے میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شوکت ترین نے یقین دلایا کہ حکومت ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کو ترقی دینے کیلئے مکمل تعاون اور تمام ضروری اقدامات کررہی ہے۔