ملک کے مسائل کا حل یہاں اسلامی نظام کے نفاذ میں ہے،راشد نسیم


لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ اسلامی شعار کو اپنانے والے مسلمان دنیا کے کونے کونے میں جرأت و بہادری کی داستانیں رقم کر رہے ہیں ۔ بھارت میں ایک نہتی مسلمان طالبہ کی للکار نے سیکولرازم کو چیلنج کر دیا اور امت کی آنکھوں کا تارا بن گئی۔ مسکان خان کو پوری دنیا کے میڈیا نے کوریج دی۔ افغانستان میں طالبان نے وسائل کی عدم دستیابی کے باوجود ایمانی طاقت سے دنیا کی سب سے بڑی سپرپاور کو شکست دی اور اسے ملک سے انخلا پر مجبور کر دیا۔ طالبان اور مسکان میں قدرمشترک قرآن و سنت کے احکامات کی پابندی ہے۔ مسلمانوں کی کامیابی کا دارومدار اسی میں ہے کہ وہ دین کا پرچم مضبوطی سے تھام لیں اور رعب و دبدبے میں نہ آتے ہوئے اللہ کے پیغام کو عام کریں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔راشد نسیم نے کہا کہ سیکولر قوتیں پاکستان میں عرصہ دراز سے حکمرانی کر رہی ہیں۔ گزشتہ 70برسوں میں حکمران اشرافیہ نے عوام کو تکلیف و مصائب کے علاوہ اور کچھ نہیں دیا۔ ملک کا بچہ بچہ مقروض ، مہنگائی اور بے روزگاری کا طوفان تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ انھوں نے کہا کہ ملک کے مسائل کا حل یہاں اسلامی نظام کے نفاذ میں ہے۔ جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنا سکتی ہے۔

علاوہ ازیںنائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم منصورہ میںمرکزی منصوبہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔ جمعرات کو دن 11 بجے شروع ہونے والے اجلاس میںآئندہ دو سال کی منصوبہ بندی اور مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس کے لیے سفارشات تیار کی جائیں گی۔ میٹنگ میں مرکز کے افراد، چھ صوبوں کے قیمین اور حلقہ کراچی کے قیم شریک ہوں گے۔