اپوزیشن مذاکراتی کمیٹی کے تمام ارکان 2جنوری کے اجلاس میں شریک ہوں گے، بیرسٹر گوہر

اسلام آباد(صباح نیوز)چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہرعلی خان کا مذاکراتی کمیٹی کے اجلاس کے حوالے سے ردعمل سامنے آ گیا۔ اسلام آباد میں بیرسٹر گوہر کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ حکومت اور اپوزیشن مذاکراتی کمیٹیوں کے تمام ارکان بہترین سیاسی بصیرت کے حامل ہیں، اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹی کے تمام ارکان 2جنوری کے اجلاس میں شریک ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے فریقین مذاکرات میں کھلے دل اور نیک نیتی کا مظاہرہ کریں گے، مذاکرات میں سنجیدہ کوششیں مثبت نتائج تک ضرور پہنچا دیتی ہیں، پرامید ہیں کہ مذاکراتی کمیٹیاں کم وقت میں کوئی حل نکال لیں گی۔ بیرسٹر گوہر کا مزید کہنا تھا کہ حکومت اور اپوزیشن میں مذاکرات کی کامیابی پاکستان کی کامیابی ہوگی۔