لاہور(صباح نیوز)وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے درمیان ملاقات کی، ملاقات میں صوبے کے سیاسی اور انتظامی امور پر گفتگو ہوئی ۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے خانیوال واقعہ کی تحقیقات سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ آئی جی پنجاب پولیس اورچیف سیکرٹری بھی بعد ازاں ملاقات میں شریک ہوئے۔ آئی جی پنجاب پولیس نے خانیوال واقعہ میں ہونے والی گرفتاریوں سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور کے میگا پراجیکٹ ایلیویٹڈ ایکسپریس وے بارے وزیراعظم کو بریف کیا۔
عثمان بزدار نے وزیر اعظم عمران خان کو لاہور کے میگا پراجیکٹ ایلیویٹڈ ایکسپریس وے کا سنگ بنیاد رکھنے کی دعوت دی اور بتایا کہ پنجاب میں قیام امن کے لئے تمام اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم نے پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں میں بہترین پیش رفت پر وزیراعلیٰ کو شاباش دی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کو تیزی سے مکمل کرنے کے لئے سخت مانیٹرنگ کی جائے، پنجاب میں نیا پاکستان صحت کارڈ کے تحت سہولیات حکومت پنجاب کا بہترین قدم ہے، آنے والے دنوں میں عوامی آسانی کے لئے مزید منصوبے لائے جائیں۔