لاہور(صباح نیوز)لاہور کی احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں مسلم لیگ (ن) کے صدر، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے شریک ملزم علی احمد خان کی درخواستِ ضمانت منظور کر لی۔
احتساب عدالت لاہور نے علی احمد خان کی درخواستِ ضمانت پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنا دیا۔عدالت نے ملزم کو ایک ایک کروڑ کے 2 ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم بھی دیا۔ واضح رہے کہ ملزم نے لاہور کی احتساب عدالت میں درخواستِ ضمانت بعد از گرفتاری دائر کر رکھی تھی۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ نیب حکام کا منی لانڈرنگ کیس بدنیتی پر مبنی ہے، نیب حکام نے تفتیش غیر منصفانہ طور پر کی۔درخواست گزار نے عدالت سے درخواستِ ضمانت منظور کرنے کی استدعا کی تھی۔