لاہور(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ فی الفور واپس لے ،پٹرول کی قیمت میں اضافہ مہنگائی کے ستائے عوام پر ایک اور ظلم ہے۔
انہوں نے بیان میں کہا کہ حکومت آئی ایم ایف کے سامنے مکمل سرنگوں ہو چکی۔پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہیں۔ حکومت نے پٹرول کی بلند ترین قیمت کا اپنا ہی ریکارڈ توڑ ڈالا، پٹرول کی قیمت میں اضافہ مہنگائی کے ستائے عوام پر ایک اور ظلم ہے،پی ٹی آئی کی وجہ سے مہنگائی میں جو اضافہ ہو چکا ہے اس کے لیے سونامی چھوٹا لفظ ہے۔
سراج الحق نے مطالبہ کیا کہ حکومت فی الفور اضافہ واپس لے اور اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بھی پچاس فیصد کم کی جائیں۔ امیر جماعت نے کہا کہ ملک اس وقت نیشنل اور انٹرنیشنل مافیاز کی چراگاہ بنا ہواہے۔ حکومت اور اپوزیشن کا میچ پہلے دن سے فکس ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہوش ربا مہنگائی، بے روزگاری کے خلاف تحریک جاری رکھے گی۔