اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ، ان کی فلاح ، ترقی و خوشحالی ہماری اولین ترجیح ہے، یہ پاکستان کے قابل فخر مساوی شہری ہیں، پاکستان ہم سب کا ہے اور ہم سب نے مل کر پاکستان کو عظیم سے عظیم تر بنانا ہے، تحریک پاکستان اور اس کے بعد آج تک تعلیم ، صحت سمیت دیگر شعبوں میں مسیحی برادری کا نمایاں کردار رہا ہے۔
وزیراعظم ہائوس اسلام آباد میں کرسمس کی خصوصی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطا اللہ تارڑ نے بھی خطاب کیا اور بشپ ڈاکٹر جوزف اشرف نے کرسمس کا پیغام پڑھ کر سنایا، مسیحی بچوں نے کرسمس کے نغمے پیش کئے۔
وزیراعظم نے اپنے خطاب میں مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حضرت عیسی امن کے داعی تھے جن کا قرآن پاک میں واضح ذکر ہے اور وہ اللہ کے پیغمبر ہیں، آج بدقسمتی سے حضرت عیسی کی جائے پیدائش پر معصوم بچوں، خواتین ، بزرگوں اور نوجوانوں کو بے دردی سے قتل کیا جارہا ہے، ہم نے اس دن کی مناسبت سے پوری دنیا میں جہاں بھی عیسائی بستے ہیں مل کر فلسطین میں اس خون کی ہولی کو ختم کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کا عزم کرنا ہے۔انہوں نے کہاکہ حضرت عیسی امن کے داعی تھے، ان کے مشن کے فروغ کیلئے فلسطین میں جنگ بندی وقت کی ضرورت ہے ۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں مسیحی برادری امن اور سکون سے رہ رہی ہے، ان کی قیام پاکستان اور اس کے بعد تکمیل پاکستان میں آج تک نمایاں خدمات ہیں، تعلیم اور صحت کے میدان ، سرکاری اور دفاع وطن کیلئے ان کی خدمات، 1965 اور 1971 کی جنگ سمیت پاکستان کیلئے ان کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج کے دن ہم نے مل کر امن ، ترقی کے سفر کو فروغ دینے کا عزم کرنا ہے، تفریق در تفریق کا خاتمہ کرنا ہے ، اپنے اپنے جذبات کو قابو میں رکھ کر برداشت اور تحمل سے کام لینا ہے، اقلیتوں کے حقوق کا خیال رکھنے کا عزم کرنا ہے، ان کے ساتھ محبت اور شفقت سے پیش آنا ہے تاکہ وہ اپنے آپ کو پاکستان کا باوقار شہری سمجھیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں مل کر پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا حصہ ڈالنا ہے، آج کے دن اس پیغام کو ہر جگہ پھیلانا چاہئے کہ پاکستان ہم سب کا ہے اور ہم سب کو مل کر قائد کے پاکستان کو عظیم تر بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا بھی یوم پیدائش ہے، اس وجہ سے بھی اس دن کی اہمیت بڑھ جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بابائے قوم کا اقلیتوں کے حوالے سے یہ بیان ہمارے لئے مشعل راہ ہے کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اور فروغ ہماری اولین ترجیح ہے، یہ پاکستان کے برابر کے قابل فخر شہری ہیں، ان کی فلاح اور ترقی ہمارے ایجنڈے کا بنیادی نقطہ ہے۔
وزیراعظم نے پاکستان میں بسنے والی اقلیتی برادری کو یقین دلایا کہ آپ کا تحفظ بہبود ، خوشحالی اور ترقی ہماری ذمہ داری ہے اور ہم یہ ذمہ داری بھرپور طریقے سے ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے اس موقع پر کرسمس نغمے پیش کرنے والے بچوں کو سراہا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے شرکا کے ساتھ مل کر کرسمس کیک بھی کاٹا اور کرسمس نغمہ پیش کرنے والے بچوں کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنوایا۔