جماعت اسلامی کا 29دسمبر کوقبائلی سربراہان ومشران مشاورت قومی یکجہتی واتحاد کا پیغام ہوگا ،مولانا ہدایت الرحمان

کوئٹہ(صباح نیوز)  امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولاناہدایت الرحمان بلوچ کی قیادت میں وفد نے میر نصیب اللہ مری، سرداراسدجان مینگل،سردارکمال خان بنگلزئی ،سردارمحمد عظیم محمدشہی،سردارسعیدجان لانگو،سردارکوہیارڈومکی،نواب زادہ گہرام بگٹی،سردارجلال خان لاشاری،میر ظفراللہ گچگی ،ملک محمد ہاشم خان کاکڑ ،حاجی یوسف خان کاکڑسے ملاقات کی اور 29دسمبر کو قومی قبائلی سربراہان مشاورت میں شرکت کی دعوت دیدی۔ امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولاناہدایت الرحمان بلوچ نے وفدکے ہمراہ قبائلی رہنماء میر نصیب اللہ مری ،سردارکوہ یار ڈومکی سے الگ الگ ملاقات کی اور29دسمبرقومی قبائلی مشاورت کا دعوت نامہ دیا۔

وفدمیں جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری مرتضیٰ خان کاکڑ،نائب امیر صوبہ مولانا عبدالکبیر شاکر،پروفیسر سلطان محمد کاکڑ،عبدالنعیم رند،اعجازمحبوب ،مولاناعبدالحمید منصوری ودیگر شامل تھے ۔مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہاکہ بلوچستان کے عوام مقتدرقوتوں ،حکمرانوں اورحالات سے مایوس ہیں۔ بلوچستان جل رہا ہے بلوچستان کے نوجوان بیزاراورمایوس ہیں۔ ظلم وجبر کیساتھ سیاسی ،مذہبی جماعتوں ،اقوام وعلاقوں کی سطح پرانتشارہے۔ ان حالات میں اتحاد اتفاق اوریکجہتی کی ضرورت ہے تاکہ ظلم وجبر کے خلاف منظم متفقہ جدوجہد کرسکیں ۔جماعت اسلامی کا 29دسمبر قبائلی سربراہان ومشران مشاورت انشاء اللہ قومی یکجہتی واتحاد کا پیغام وآغازہوگا ۔انشاء اللہ قومی قبائلی مشاورت میں بلوچستان کے تمام قبائلی مشران وسربراہان شرکت کریں گے ۔

نائب امراء جماعت اسلامی بلوچستان مولاناعبدالکبیر شاکر ،حافظ نورعلی کی قیادت میں وفد نے قبائلی رہنما ملک محمد ہاشم خان کاکڑ ،حاجی یوسف خان کاکڑ سے الگ الگ ملاقات کرکے 29دسمبر قومی قبائلی سربراہان مشاورت کا دعوت نامہ دیا۔ ان رہنمائوں نے شرکت کی یقین دلانی کرائی اسے پہلے صوبائی امیر ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے قبائلی سربراہان سرداراسدجان مینگل،سردارکمال خان بنگلزئی ،سردارمحمد عظیم محمدشہی،سردارسعیدجان لانگو،نواب زادہ گہرام بگٹی، سردار جلال خان لاشاری،میر ظفراللہ گچگی سے رابطہ کرکے 29دسمبر قومی قبائلی سربراہان مشاورت کی دعوت دی۔قبائلی رہنمائوں نے مشاورت میں شرکت کی یقین دہانی کرائی اس موقع پر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے ا ہل بلوچستان کو حقوق ،انصاف ،عدل کی فراہمی ،مظالم سے نجات کیلئے 29دسمبر مشاورت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ ہم منتشر ،تقسیم درتقسیم ،انتشارکا شکار ہوں گے تو ظالم اور لٹیرے ظلم وجبر میں اضافہ کریں گے۔ نوجوان ،خواتین سمیت اہل بلوچستان ہم سے امید لگائے بیٹھے ہیں۔ انشاء اللہ ہم نوجوانوں کی امیدوں کا مرکز بن کر حقوق کی فراہمی ،ظلم وجبر سے نجات دلانے کیلئے جدوجہد کریں گے ۔ گرینڈقومی قبائلی مشاورت میں بلوچستان کے تمام بلوچ پشتون سربراہان شرکت کرکے حقوق ،روزگار کے حصول،بارڈروتجارت اورکاروبارکی بندش،لاپتہ افراد،مصورکاکڑکی عدم بازیابی ،بلوچستان میں وفاق ،سیکورٹی اداروں ،حکومتوں اورانتظامیہ کے مظالم ناانصافی کے خلاف گرینڈمشاورت ومتفقہ لائحہ عمل بنائی جائیگی ۔