اسلام آباد(صباح نیوز)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا کہنا ہے کہ حکومتی اور حزب اختلاف کی مذاکراتی کمیٹیوں کے درمیان دوسرا اجلاس دو جنوری کو ہوگا جس میں اپوزیشن اپنے چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کرے گی۔سوموار کے روز مذاکراتی کمیٹیوں کے درمیان پہلے ان کیمرہ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج ہونے والے اجلاس میں اپوزیشن کمیٹی کے کچھ ارکان شرکت نہیں کر سکے جب تک یہ معاملات طے نہیں پا جاتے تب تک جتنی کم سے کم قیاس آرائی ہو، جتنے کم سے کم تبصرے کیے جائیں، اتنا بہتر ہے۔
حکومتی کمیٹی کے رکن سینیٹر عرفان صدیقی نے اجلاس کا اعلامیہ پڑھ کر سناتے ہوئے کہا کہ آج پارلیمنٹ ہاوس میں ہونے والی مذاکرات کمیٹی کی پہلی باضابطہ نشست میں حکومت کی جانب سے نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار، وزیرِ اعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ، سینیٹر عرفان صدیقی، سابق سپیکر راجا پرویز اشرف، نوید قمر، عبدالعلیم خان اور ڈاکٹر فاروق ستار نے شرکت کی۔ اپوزیشن کی جانب سے سابق سپیکر اسد قیصر، راجہ ناصر عباس اور صاحبزادہ حامد رضا نے شرکت کی۔
عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ دورانِ اجلاس اسد قیصر نے آگاہ کیا کہ اپوزیشن کمیٹی کے باقی ممبران عدالتی مقدمات یا ملک سے باہر ہونے کے باعث اس ہنگامی اجلاس میں شرکت نہیں کر سکے۔دونوں مذاکراتی کمیٹیوں نے خیر سگالی کا اظہار کرتے ہوئے آج کے اجلاس کو نہایت مثبت پیشرفت قرار دیا انھوں نے توقع ظاہر کی کہ پارلیمنٹ مسائل حل کرنے کا اہم فورم ہے اور مذاکراتی عمل کو جاری رہنا چاہیے۔
اجلاس کے دوران اپوزیشن کمیٹی نے اپنے ابتدائی مطالبات کا خاکہ پیش کیا۔اگلی میٹنگ میں اپوزیشن کمیٹی تحریری طور پر اپنے مطالبات اور شرائط کار پیش کرے گی تاکہ اس دستاویز کی روشنی میں بات چیت کو اگے بڑھایا جا سکے۔