ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے حکومت اقدامات کرے،مجرمانہ خاموشی افسوسناک ہے،اسداللہ بھٹو

کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی کے سینئررہنما وسابق ایم این اے اسداللہ بھٹونے مطالبہ کیا ہے کہ جرم ضعیفی میں امریکی جیل میں کئی سالوں سے قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے حکومت اقدامات کرے۔ قوم کی بیٹی عافیہ پر ڈھائے جانے والے مظالم پر حکومت پاکستان اور حقوق انسانی کے اداروں کی مجرمانہ خاموشی افسوسناک ہے۔قباء آڈیٹوریم میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ان کا مزیدکہنا تھاکہ مسلمانوں کے آپس میں معمولی اختلافات اورمفادپرستانہ پالیسیوں کی وجہ سے ہرطرف کشمیر سے غزہ تک مسلمانوں کا خون بہایا جارہا ہے۔

انہوں نے غزہ کی صورتحال پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ 14 ماہ سے جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 50 ہزار تک پہنچ چکی ہے جبکہ ملبے تلے شہداء کی تعداد 10ہزار ہے۔عالمی عدالت کا اسرائلی وزیر اعظم نیتن یاہو کی جنگی جرائم میں ملوث  ہونے پر وانٹ گرفتاری جاری ہونے کے باوجود عملدرآمدنہیں ہورہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہمارے تمام مسائل کا حل اتحاد امت میں ہے۔اس موقع پرعلامہ حزب اللہ جکھرو  نے درس قراآن پیش کیا جبکہ نائب قیم محمد مسلم،ناظم عمومی مولانا محمد دین اورسیکرٹری اطلاعات مجاہدچنا بھی موجودتھے۔