الخدمت فاؤنڈیشن نے سوڈان کے مخدوش حالات سے متاثرہ خاندانوں کیلئے90ٹن امدادی سامان روانہ کردیا

 کراچی (صباح نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے سوڈان کے مخدوش حالات اور سیلاب سے متاثرہ بے گھرخواتین اور بچوں کیلئے 90ٹن امدادی سامان روانہ کردیا، اس سلسلے میں منعقدہ تقریب میں سوڈانی سفیرصالح محمداحمدمحمدصدیق، چیئرمین ڈیزاسٹرمینجمنٹ ومرکزی نائب صدر الخدمت فاونڈیشن اعجازاللہ خان،مرکزی نائب صدرالخدمت ائیرمارشل(ر)ارشدملک، ڈائریکٹرجنرل کرائسزمینجمنٹ وزارت خارجہ شہزادحسین،این ڈی ایم اے،حکومتی نمائندوں سمیت دیگرنمایاں شخصیات نے شرکت کی اور انسانی بنیادوں پرامداد ی سامان بذریعہ بحری جہاز کراچی پورٹ سے سوڈان کیلئے روانہ کیا۔

اعجازاللہ خان نے کہاکہ 19ماہ سے سوڈان کے مخدوش حالا ت اور سیلاب کے باعث ایک کروڑسے زائد افراد بے گھرہوچکے ہیں،قحط کی وجہ سے شہریوں کی صورتحال انتہائی ابترہے 25لاکھ افراد بھوک کی وجہ سے موت کے دھانے پرہیں۔ائیرمارشل(ر)ارشدملک نے کہاکہ الخدمت فاؤنڈیشن اہل پاکستان کے تعاون کی بدولت خواتین اور بچوں سمیت بے گھرمتاثرہ خاندانوں کوامدادی سامان روانہ کررہی ہے۔ سوڈان کے متاثرہ خاندانوں کوبھیجے گئے امداد ی سامان میں ٹن فوڈ، چاول، حفظان صحت کی کٹس، پاڈر دودھ اور فیملی پیک شامل ہیں۔