قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی میزبانی میں 19اور 20 دسمبر کو اٹھارہویں اسپیکرز کانفرنس منعقد ہو گی

اسلام آباد(صباح نیوز) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے وژن کے مطابق قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی میزبانی میں 19 اور 20 دسمبر 2024 کو اٹھارویں اسپیکرز کانفرنس پارلیمنٹ ہاس اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔18ویں اسپیکرز کانفرنس ایک دہائی کی طویل مدت کے بعد منعقد ہونے جارہی ہے ۔ کانفرنس اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے ملک کے قانون ساز اداروں کے مابین تعاون میں اضافے اور قانونی چیلنجز کو حل کرنے کے عزم کا اظہار ہے،

یہ بات قابل ذکر ہے کہ 17ویں اسپیکرز کانفرنس 2014میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی صدارت میں منعقد ہوئی تھی اور اب دس سال بعد ایک بار پھر 18ویں اسپیکرز کانفرنس 19اور 20 دسمبر 2024کو ان ہی کی صدارت میں منعقد ہونے جارہی ہے۔ کانفرنس میں ملک کے قانون ساز اداروں کے اسپیکرز اور صدر نشین اپنے پارلیمانی وفود کے ساتھ شریک ہونگے اور تحقیق پر مبنی قانون سازی کے فروغ اورقانون ساز ادارون کے مابین رابطوں کو مضبوط بنانے اور ہم آہنگی کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کریں گے۔اٹھاروین اسپیکرز کانفرنس میں جن اہم موضوعات پر توجہ مرکوز کی جائے گی ان میں پارلیمانی کارروائی میں نظم و ضبط اور کارکردگی کو یقینی بنانے کے لیے انسیٹیوٹ آف ویپس کو مزید مضبوط اور بااختیار بنانا، عوام کی پارلیمان تک رسائی بڑھانے کے لیے ورچوئل پارلیمنٹ کا قیام، پارلیمنٹ اور عوام کے مابین رابطوں کو بہتر بنانا، قانون سازی کے عمل کو آسان بنانے کے لیے قواعد و ضوابط میں ترمیم،

بین الصوبائی پارلیمانی روابط کو مضبوط بنانا ،قانون ساز اداروں کے درمیان تجربات اور بہترین روایات کے تبادلے کے لیے طریقہ کار وضع کرنا، پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs) کے حصول کیلئے قانون ساز اداروں کے مابین رابطوں میں اضافہ، صنفی مساوات، نوجوانوں کی نمائندگی، اور بچوں کے حقوق اور موسمیاتی تبدیلیوں سے ٹمٹنے جیسے اہم مسائل  شامل ہیں۔اٹھارہویں اسپیکرز کانفرنس اسپیکر سردار ایاز صادق کے ملک کے قانون ساز اداروں کے درمیان رابطوں، تعاون، اور ہم آہنگی کے فروغ کے عزم کی عکاسی ہے۔ پارلیمانی حلقوں میں اس کانفرنس کو بڑی اہمیت دی جارہی ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ یہ کانفرنس قانون ساز اداروں کے درمیان آہنگی کو فروغ دینے، قانون سازی کے عمل کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے، اور مثر پارلیمانی خدمات کے لیے ایک مربوط فریم ورک کو وضع کرنے میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔

یہ اہم اجتماع وفاقی، صوبائی، اور قانون ساز اسمبلیوں کے درمیان تعاون میں اضافے، تجربات اور بہترین روایات کے تبادلے کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کرے گا، جس سے اداروں کے مابین رابطے مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ کانفرنس افتتاحی، اختتامی اور سائیڈ لائن اجلاسوں کے علاوہ مخصوص قومی ترجیحات پر بات کرنے کے لیے   خصوصی پارلیمانی فورمز جن میں  پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs) پارلیمانی ٹاسک فورس، ویمن پارلیمنٹری کاکس (WPC)، ینگ پارلیمنٹری فورم (YPF)، پارلیمانی کاکس برائے چائلڈ رائٹس(PCCR) کے بھی اجلاس ہونگے۔ ان اجلاسوں میں پارلیمانی کوششوں کو عالمی ترقیاتی ایجنڈے کے ساتھ ہم آہنگ کرنے، فیصلہ سازی میں خواتین کے کردار کو بڑھانے، پالیسی سازی میں نوجوانوں کی نمائندگی کو مضبوط بنانے اور بچوں کی فلاح و بہبود اور تحفظ کے لیے قانون سازی کرنے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ اس دو روزہ کانفرنس میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سمیت اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان، اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ، خیبر پختونخوا اسمبلی کے اسپیکر بابر سلیم سواتی، بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر عبدالخالق، آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر چوہدری لطیف اکبر اور گلگت بلتستان اسمبلی کے اسپیکر نظیر احمد شرکت کریں گے، علاوہ ازیں کانفرنس میں قومی اسمبلی، سینٹ، چاروں صوبائی اسمبلیوں آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی اور گلگت بلتستان اسمبلی کے اراکین کے وفود اور سیکرٹریز بھی شریک ہوں گے۔