اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہاہے کہ ابھی تک ہمیں مذاکرات کے لئے باضابطہ پی ٹی آئی نے کوئی درخواست نہیں کی، میری اطلاع کے مطابق پی ٹی سے مذاکرات میں قطعی طور پر کوئی پیشرفت نہیں ہوئی، مذاکرات سیاست دانوں سے ہوتے ہیں یہ سیاست دان ہی نہیں ہیں ۔
ان خیالات کا اظہار وزیر دفاع خواجہ آصف نے پارلیمنٹ ہائوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔خواجہ آصف نے کہاکہ ابھی تک ہمیں مذاکرات کے لئے باضابطہ پی ٹی آئی نے کوئی درخواست نہیں کی، میری اطلاع کے مطابق پی ٹی سے مذاکرات میں قطعی طور پر کوئی پیشرفت نہیں ہوئی، پی ٹی آئی کے اندر اختلافات اتنے ہیں کہ کیا مذاکرات ہوں گے،ہر شخص بشمول بانی پی ٹی آئی مذاکرات کے حوالے سے مختلف بات کررہا ہے،
بانی پی ٹی آئی نے اپنے لوگوں کو جھاڑا بھی ہے کہ آپ سارے گڈی گڈی ہو گئے ہیں اور میں اندر جیل میں ہوں،پہلے ان کو اپنے اندر کے حالات درست کرنے کے لئے آپس میں مذکرات کرنے چاہئیں،اس کے بعد ہم سے مذاکرات کرلیں۔ خواجہ آصف نے کہاکہ ہمیں مذاکرات کی کوئی آفر آئے گی تو ہم جائزہ لیں گے،ہم نے مذاکرات کی کوئی شرائط کبھی بھی نہیں رکھیں،26 نومبر اور 9 مئی کو جو کچھ ہوا اس کو اون کرنا چاہئے ان کو،
اس میں کوئی شک شبے کہ گنجائش تو نہیں ہے کہ 9 مئی بھی انہوں نے برپا کیا، 26 نومبر بھی انہوں نے برپا کیا، مذاکرات سیاستدان کرتے ہیں لیکن یہ تو سیاستدان بھی نہیں ہیں، علی امین گنڈا پور صحافیوں کو ننگی گالیاں دیتا ہے، نہ کسی صحافی کا ضمیر جاگا ہے نہ کسی صحافی کو خیال آیا ہے۔اپنی اپنی مصلحتوں کا شکار لوگ ہیں چاہے سیاستدان ہوں چاہے صحافی ہوں یا کوئی اور طبقہ ہو۔