سری نگر:جنوبی کشمیر کی ایک عدالت نے بھارت سے غداری ، بھارت کے خلاف جزبات بھڑکانے، اور بھارت مخالف سرگرمیوں کے الزام میں کشمیری صحافی فہد شاہ کا مزید 7دن کا پولیس ریمانڈ منظور کر لیا ہے ۔
پولیس نے کشمیر والہ کے ایڈیٹر فہد شاہ کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 124 اے(غداری)13( یو اے پی اے (غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام قانون) اور 505 ( بھارت مخالف جزبات بھڑکانے کے ارادے کے الزام میں تین مقدمات 4فروری کو گرفتار کیاتھا۔ تاہم تاحال پولیس نے فہد شاہ کی گرفتاری سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش نہیں کی ۔ فہد شاہ کوپلوامہ پولیس سٹیشن میں رکھا گیا ہے ۔انہیں 21فروری کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
فہدشاہ کے وکیل عمیر رونگا نے کہا ہے کہ عدالتی ہدایات کے باوجود پولیس نے ابھی تک کوئی رپورٹ عدالت میں پیش نہیں کی ہے۔
یاد رہے پلوامہ پولیس نے پلوامہ کے فوجی آپریشن کے بارے میں رپورٹنگ کرنے پرفہدشاہ کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔
واضح رہے کہ فہد شاہ کی گرفتاری پر مقامی، قومی و بین الاقوامی صحافی انجمنوں نے جموں و کشمیر انتظامیہ سمیت پولیس کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں فوری طور رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔