عمران خان کو گھبراہٹ سیاسی ملاقاتوں سے نہیں، ملکی تباہی سے ہے،شہباز شریف


لاہور(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اورقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کو گھبراہٹ اور پریشانی میری سیاسی ملاقاتوں سے نہیں بلکہ ملکی تباہی اور مہنگائی سے گھبراہٹ اور پریشانی ہے، اربوں، کھربوں کی کرپشن کی گئی ہے، ملک کی دولت دونوں ہاتھوں سے لوٹی گئی ہے،یہ ہیں وہ واقعات جن پر ان کو نیند نہیں آتی۔

ان خیالات کااظہار شہباز شریف نے آشیانہ ہائوسنگ اسکینڈل میں لاہور کی احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صحافی کی جانب سے شہبازشریف سے سوال کیا گیا کہ وزیر اعظم عمران خان آپ کی سیاسی ملاقاتوں سے گھبراگئے ہیں، اس پر شہبازشریف کا کہنا تھا ان کو گھبراہٹ اور پریشانی میری سیاسی ملاقاتوں سے نہیں ہے بلکہ جو ملک کی تباہی کی ہے اور معیشت کی تباہی کی ہے ، بیروزگاری اور مہنگائی میں کبھی ملک کی تاریخ میں اتنا اضافہ نہیں ہوا جتنا اب ہو ا ہے اور پھر قرضوں کے اوپر، قرضے اتنے لئے گئے ہیں کہ جس کی کوئی مثال نہیں ہے۔ کرپشن کے بے پناہ سکینڈل ہیں ،چاہے وہ گندم کا ہو، چینی کا ہو، ایل این جی گیس کا ہو، اربوں، کھربوں کی کرپشن کی گئی ہے، ملک کی دولت دونوں ہاتھوں سے لوٹی گئی ہے،یہ ہیں وہ واقعات جن پر ان کو نیند نہیں آتی۔

مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے کہا کہ جہانگیر ترین سمیت سب کے ساتھ رابطے ہیں، ہدف ایک ہی ہے کہ عمران نیازی کو گھر جانا ہے، ہم تمام اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر اپنے کام پر لگے ہوئے ہیں ، اللہ تعالی بہت جلد عمران نیازی سے عوام کی جان چھڑوائے گا۔۔